واشنگٹن —
سرفراز میمن نے کہا ہے کہ جاوید بھٹو ”ایک سچے صوفی تھے، جو نہ صرف بلند خیالات کے مالک تھے، بلکہ اِن اعلیٰ اقدار پر صحیح معنوں میں عمل پیرا تھے”۔
امریکہ میں مقیم پاکستانی نژاد دانش ور اور سابق استاد جاوید بھٹو کو قتل کر دیا گیا ہے۔ وہ ‘وائس آف امریکہ’ اردو سروس سے منسلک صحافی نفیسہ ہود بھائی کے شریکِ حیات تھے۔
قتل کی واردات جمعے کی صبح واشنگٹن ڈی سی کے جنوب مشرقی علاقے میں جاوید بھٹو کے گھر کے نزدیک پیش آئی۔
امریکی دارالحکومت کی پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے قتل کے الزام میں ہلمن جارڈن نامی 45 سالہ شخص کو حراست میں لیا ہے۔
تاحال قتل کی وجہ واضح نہیں ہو سکی۔ لیکن امریکی اخبار ‘واشنگٹن پوسٹ’ کے مطابق ملزم جاوید بھٹو کا پڑوسی ہے اور ماضی میں بھی قتل کے واقعات میں ملوث رہا ہے۔
جاوید بھٹو کی عمر 64 سال تھی۔ وہ امریکہ منتقل ہونے سے قبل سندھ یونیورسٹی جامشورو کے شعبۂ فلسفہ کے معاون پروفیسر تھے۔
ان کے قتل کی خبر نشر ہونے کے بعد سے پاکستان اور امریکہ میں مقیم ان کے ساتھی اور جاننے والے سوشل میڈیا پر اپنے دکھ اور افسوس کا اظہار کر رہے ہیں۔
وائس آف امریکہ کی انتظامیہ، خصوصاً اردو سروس کی ٹیم بھی جاوید بھٹو کے قتل پر رنج اور دکھ میں مبتلا ہے اور ان کی اہلیہ نفیسہ ہود بھائی سے تعزیت کا اظہار کرتی ہے۔
مرحوم کے ایک دیرینہ دوست، سرفراز میمن نے کہا ہے کہ ”جاوید بھٹو انسانی عظمت اور اعلیٰ انسانی اقدار کے حقیقی وکیل تھے”۔ وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے، اُنھوں نے کہا کہ ”اُن کا فلسفیانہ انداز بیان اُن کی تقاریر سننے والوں کو اپنے سحر میں جکڑ لیتا تھا”۔
سرفراز میمن نے کہا کہ ”جاوید بھٹو محبت کرنے والے، سچے اور لگی لپٹی نہ رکھنے والے انسان تھے، جن کے خیالات پرُ اثر اور دل پر گہرا اثر ڈالا کرتے تھے”۔
ایک سوال کے جواب میں اُنھوں نے کہا کہ ”وہ سچے صوفی تھے، جو نہ صرف بلند خیالات کے مالک تھے، بلکہ ان اعلیٰ اقدار پر صحیح معنوں میں عمل پیرا تھے”۔
سرفراز میمن نے کہا کہ اُن کے خیالات، تجزئے یا نظریات سے اتفاق نہ کرنا ممکن تھا۔ ”لیکن، جاوید صاحب ہمیشہ اپنی گزارشات میں دانش اور دلیل کا ساتھ لیتے تھے اور دوسروں کو قائل کرنے میں یکتا مہارت رکھتے تھے۔ اس ضمن میں وہ ہمیشہ کتابوں اور اعلیٰ ادبی حوالے دے کر اپنے دلیل کو با وزن اور درست ثابت کرنے کی کوشش کرتے تھے”۔
اُنھوں نے رب تعالیٰ سے جاوید بھٹو مرحوم کی مغفرت اور درجات کی بلندی کی دعا کی۔