پاکستانی فلم ’لوڈ ویڈنگ‘ نے بھارتی فلم میلہ لوٹ لیا


پاکستانی فلموں کا معیار بہتر سے بہترین ہوچکا ہے یہی وجہ ہے کہ انہیں بین الاقوامی سطح پر خوب پزیرائی مل رہی ہے، ایسے میں بھارت کے راجستھان انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں پاکستانی فلم ’لوڈ ویڈنگ‘ نے بہترین فلم کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔

بھارتی ریاست جے پور میں منعقد راجستھان انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں پاکستانی فلم ’لوڈ ویڈنگ‘ کو بہترین فلم کے ایوارڈ سے نوازا گیا اور اسے قابل ستائش قرار دیا۔

’لوڈ ویڈنگ‘ کی راجستھان انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں نامزدگی کی خبر گزشتہ برس دسمبر میں فلم کے ہدایت کار نبیل قریشی نے مداحوں سے شیئر کی تھی اور اب فلم کو ایوارڈ ملنے کی خوشخبری بھی ہدایت کار نے ہی انسٹاگرام پر شیئر کی ہے۔

انہوں نے فلم کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے پوری ٹیم کو مبارک باد پیش کی۔

دوسری جانب فلم میں مرکزی کردار نبھانے والے اداکار فہد مصطفی نے بھی خوشخبری شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ راجستھان انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں ’لوڈ ویڈنگ‘ نے ‘ویوورز چوائس ایوارڈ’ یعنی ناظرین کی پسند میں بہترین فلم کا ایوارڈ جیت لیا ہے۔

’لوڈ ویڈنگ‘ کی کہانی لڑکیوں کی شادی اور جہیز کے مسائل کو اجاگر کرنے پر مبنی تھی جس میں رومانوی کامیڈی کا تڑکا شامل تھا۔

فلم میں مرکزی کردار اداکار فہد مصطفی کے ساتھ اداکارہ مہوش حیات نے ادا کیا تھا۔

مہوش حیات نے بھی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں ’لوڈ ویڈنگ‘ کی نامزدگی کو زبردست کامیابی قرار دیا تھا۔


اپنا تبصرہ لکھیں