لاہور:
اپنے ایک انٹرویومیں فلم طیفا ان ٹربل کے بعد اسکرین سے غائب ہونے کی وجوہات بتاتے ہوئے علی ظفرنے کہا کہ میرے ساتھ یہ مسئلہ ہے کہ میں جلدی جلدی کوئی کام نہیں کرسکتا، مجھے کوئی چیزبنانے میں وقت لگتا ہے کیونکہ میں چاہتا ہوں کہ میرا کام دیکھنے اورسننے والوں کو معیاری لگے ویسے اس وقت ’طیفا ان ٹربل 2‘ پرکام ہورہا ہے۔ میں اپنے تجربے کی بنیاد پر پاکستانی فلم انڈسٹری کی ترقی کے لیے جتنا دے سکتا ہوں ضروردوں گا۔
ایک گلوکارکی حیثیت سے شوبز انڈسٹری میں انٹری کے بعد بحیثیت اداکار اپنا مقام بنانے پر علی ظفر نے کہا کہ گانے کا اپنا لطف ہے اور اداکاری کا مزا الگ ہے لیکن موسیقی میرا جنون ہے اوراس میں بہت وقت لگتا ہے ، اس لئے سال میں ایک ہی فلم میں کام کرتا ہوں۔
اس خبرکوبھی پڑھیں: علی ظفر فاسٹ بولر شعیب اخترکو دیئے گئے چیلنج میں ناکام
موسیقی کے میدان میں اپنے چھوٹے بھائی دانیال ظفر کی مدد کے حوالے سے علی ظفرنے کہا کہ وہ میرا چھوٹا بھائی ہے اور اس سے مجھے بہت محبت ہے، اس لئے اس کی ہرممکن مدد کرتا ہوں لیکن میں نے اسے یہ بات واضح کردی ہے کہ اس میدان میں اس کے تجربات ذاتی ہوں گے، میں اس بات پر یقین رکھتا ہوں کہ انسان جو کچھ اپنے تجربے اور غلطیوں سے سیکھتا ہے وہ اس سے بہت زیادہ بہترہے کہ کوئی اسے پیلٹ میں سجا کردے دے۔ کوئی بھی آدمی غلطیوں سے ماروا نہیں ہوتا لیکن ہمارے ہاں لوگ اس تاک میں رہتے ہیں کہ انہیں کوئی چیز ملے اوروہ اسے پکڑکر تنقید شروع کردیں، دانیال کی میوزک وڈیو پرتنقید بھی ایسے ہی ہے کیونکہ یہ گانا انگریزی میں ہے اس لئے اسے بنایا بھی اسی طرح گیا ہے۔