پاپا کے زیر اہتمام ورکشاپ: ‏“پاکستان میں موجودہ سیاسی اور قانونی صورتحال اور اس سے پاکستانی معیشت پر اثرات” پر وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ سے گفتگو۔


رپورٹ : راجہ زاہد اختر خانزادہ

امریکہ
وفاقی وزیر قانون اعظم نزیر تارڑ نے کہا ہے کہ نو مئی کے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہورہی ہے، یہ صریحاً پروپیگنڈا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کی لسٹیں بن گئی ہیں یا انہیں وطن واپس آنے پر ائیرپورٹ پر سکیننگ جیسے مرحلے سے گزرنا ہوگا ، ایسا کوئی کام نہیں کیا جارہا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دورہ امریکہ کے دوران پاکستانی امریکن پریس ایسوسی ایشن کی طرف سے منعقدہ ایک ورکشاپ میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا
تفصیلات کے مطابق پاکستانی امریکن پریس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام منعقدہ ورکشاپ منعقد کی گئی جس کا مقصد پاکستان میں موجودہ سیاسی اور قانونی صورتحال اور اس سے پاکستانی معیشت پر اثرات کو زیر بحث لانا تھا جس میں پاکستانی سفیر مسعود خان اور مسلمز آف امریکہ کے صدر ساجد تارڑ سمیت کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات اور صحافیوں نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا، پاکستان کے وزیر قانون اعظم نزیر تارڑ کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانی ہمارے دلوں میں بستے ہیں ان کے خلاف کارروائی کا سوچ بھی نہیں سکتے ، انہوں نے کہا کہ آج کی اس ورکشاپ میں میں نے کوشش کی ہے کہ نارتھ امریکہ میں پاکستانی کمیونٹی کو درپیش اندیشے اور وسوسے ختم کیے جائیں، انہوں نے کہا کہ نو مئی کے واقعات میں جو لوگ ملوث تھے ان کے بارے میں سب کو علم ہے صرف ان کے خلاف ہی قانونی کارروائی ہوگی باقی لوگوں کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ، اپنے وطن سے جڑے ہوئے ہیں اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں آپ لوگوں کا بڑا ہاتھ ہے ہمارا آپ کے رشتہ اسی طرح قائم دائم رہے گا ، مسلمز آف امریکہ کے صدر ساجد تارڑ نے اس موقع پر کہا کہ چار سو اوورسیز پاکستانیوں کی لسٹ کی تیاری اور نائی کوپ پر سفر کرنے والوں کو ائیرپورٹ پر روکے جانے اور سکیننگ کے مرحلے سے گزرنے جیسی افواہوں کا آج کی ورکشاپ کے بعد خاتمہ ہو جائیگا ، اس کے علاؤہ پاکستان کا مستقبل اور حالات کے حوالے سے وضاحت کی گئی جوکہ مثالی رہی ، انہوں نے کہا کہ وزیر قانون نے ملٹری کورٹس ، عام انتخابات سمیت اہم ایشوز پر کھل کر بات کی ، پاکستانی امریکن پریس ایسوسی ایشن کے صدر خرم شہزاد نے کہا کہ وزیر قانون کے دورہ امریکہ اور وہاں مقیم پاکستانیوں سے ملاقاتوں کے بعد ان خدشات میں کمی واقع ہوگئی ہے جوکہ نو مئی کے واقعات کے بعد اوورسیز پاکستانیوں میں پائے جاتے تھے ، حکومت کو اگر اوورسیز پاکستانیوں کے دل جیتنے ہیں اور ان کی ہمدردیاں حاصل کرنی ہیں تو کے ساتھ روابط بڑھانا ہوں گے اور ان کے مسائل اور ایشوز کو دیکھنا اور حل کرنا ہوگا ، تقریب سے پاکستانی سفیر مسعود خان نے بھی خطاب کیا جن کا کہنا تھا کہ پاکستانی نژاد امریکی شہری امریکہ بھر میں پاکستان کے سفیر ہیں ان کی پاکستان کے لئے خدمت خدمات قابل ستائش ہیں، پاکستان کے مختلف شہروں میں پاکستانی نژاد امریکیوں کی انویسٹمنٹ پاکستان کی معشیت کے لیے ڑیڑھ کی ہڈی جیسی اہمیت رکھتے ہیں اور حکومت پاکستان ان کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ، یاد رہے کہ پاکستان کے وزیر قانون اعظم نزیر تارڑ ان دنوں امریکہ کے دورے پر ہیں جہاں انہوں نے اعلی حکومتی شخصیات سے ملاقاتیں کیں، تقریر کی نظامت پاکستانی امریکن پریس ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری یوسف چودھری نے کی جبکہ صدر خرم شہزاد اور جنرل سیکٹری ثاقب الاسلام نے بھی تقریب سے خطاب کیا


اپنا تبصرہ لکھیں