پانچ سال میں 45 ہزار لیڈی ہیلتھ ورکرز کے اضافے کا اعلان

پانچ سال میں 45 ہزار لیڈی ہیلتھ ورکرز کے اضافے کا اعلان


وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان میں صحت سے متعلق افرادی قوت کی کمی کو دیکھتے ہوئے5 سال میں لیڈی ہیلتھ ورکرز کی تعداد میں 89 ہزار سے ایک لاکھ 35 ہزار تک اضافہ کیا جائے گا۔

عبدالقادر پٹیل نے یہ اعلان جینیوا میں ورلڈ ہیلتھ اسمبلی میں خطاب کے دوران کیا۔

عالمی ادارے صحت کے ڈائریکٹر اور ان کے ماہرین اور اراکین کی ٹیم کو ادارے کی 70 ویں سالگرہ پر مبارکباد دیتے ہوئےعبدالقادر پٹیل نے کہا کہ ادارے کے 70 سال مکمل ہونا اس بات کی نشاندہی ہے جب دنیا کے تمام ممالک ایک پیچ پر آکر ڈبلیو ایچ او کی بنیاد رکھی تھی تاکہ صحت کو فروغ دیا جائے، بیمار افراد کی مدد کی جائے اور دنیا کو بیماریوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔

پائیدار ترقی کے اہداف کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک ہدف یہ ہے کہ مالی مشکلات کے بغیر لوگوں کو معیاری ضروری صحت کی خدمات فراہم کر کے تمام لوگوں کو صحت کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔

عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ پاکستان خطے کا واحد ملک ہے جہاں ملک کو 2 بڑی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جن میں ایک کووڈ-19 ہے اور جب اس عالمی وبا سے نکلنے کی کوششیں جاری تھیں تو 2022 کے دوران ملک کو بڑے پیمانے سیلاب اور اس کے بعد ہونے والی تباہی کا سامنا کرنا پڑا جس کے نتیجے میں ایک کروڑ 30 لاکھ افراد بے گھر ہوئے، فصلیں تباہ ہوئیں اور صحت کے انفراسٹریکچر کو نقصان ہوا اور تقریباً 20ارب ڈالرز کا نقصان ہوا۔

انہوں نے پاکستان کی مدد کے لیے عالمی برادری خصوصاً اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی تعریف بھی کی۔


اپنا تبصرہ لکھیں