پاکستان نے آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں نیوزی لینڈ کو 9 رنز سے شکست دے کر سیریز 2-2 سے برابر کردی۔
پاکستان کے 179 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 169 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم سیفرٹ 52 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جبکہ کپتان مائیکل بریسویل نے 23، جمی نیشم نے 16 اور مارک چیپمین نے 12 رنز بنائے۔
پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین روانہ کیا جبکہ اسامہ میر نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ شاداب خان اور عماد وسیم کی ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے اس میچ میں کیوی ٹیم نے ٹاس جیت کر پاکستان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
قومی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے۔
کپتان بابر اعظم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے کیریئر کی 34ویں نصف سنچری مکمل کی اور 44 گیندوں پر 69 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ انکی اننگز میں 2 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔
فخر زمان نے 43 اور عثمان خان نے 31 رنز بنائے جبکہ اختتامی لمحات میں شاداب خان نے 15 رنز کی اننگز کھیلی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے زیک فولکس، ولیم او رورکے، بین سیئرس، جمی نیشم اور اور اش سودھی نے ایک ایک وکٹ لی۔
فتح گر پرفارمنس پر شاہین آفریدی کو میچ کا اور سیریز میں 8 وکٹیں لینے پر سیریز کا بھی بہترین کھلاڑی قرار دیا گای۔
قومی ٹیم میں شاہین آفریدی کی واپسی ہوئی، پاکستان ٹیم کپتان بابر اعظم، صائم ایوب، عثمان خان، فخر زمان، افتخار احمد، شاداب خان، عماد وسیم، شاہین آفریدی، اسامہ میر، عباس آفریدی اور محمد عامر پر مشتمل تھی۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم میں کپتان مائیکل بریسویل، ٹام بلنڈل، مارک چیپمین، جوش کلارکسن، زیک فولکس، کول میک کونکی، جمی نیشم، ولیم او رورکے، بین سیئرس، ٹم سائفرٹ اور اش سودھی شامل تھے۔
سیریز کا پہلا میچ بارش کی نذر ہوا۔ دوسرے میچ میں پاکستان نے کامیابی سمیٹی جبکہ تیسرے اور چوتھی میچ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم فاتح رہی تھی۔