اسلام آباد: جعلی اکاؤنٹس پارک لین پیراتھنن کیس میں چیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کلیئر جبکہ اسی کیس میں آصف علی زرداری کے خلاف بدعنوانی کا ایک اور ریفرنس دائرکرنے کی منظوری دے دی گئی۔
قومی احتساب بیورو (نیب) کا کہنا ہے کہ جعلی اکاؤنٹس کے اس کیس میں قومی خزانے کو 3.77 ارب روپے کا نقصان ہوا۔
نیب ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا کہ جعلی اکاؤنٹس پارک لین پیراتھنن کیس میں یہ اہم فیصلے چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی زیرصدارت نیب ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں ہوئے۔
اجلاس میں ڈپٹی چیئرمین نیب حسین اصغر اور ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان نعیم منگی خصوصی طورپر شریک ہوئے۔
ڈی جی نیب راولپنڈی جعلی اکاؤنٹس پارک لین پیراتھنن کیس کی تحقیقات کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ بھی ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری کے خلاف نیب دو کیسز، پارک لین اور پارک لین پرتھنن کیس میں الگ الگ تحقیقات کر رہا ہے۔
پارک لین پراتھنن کیس میں تحقیقات مکمل پونے پر بلاول بھٹو سے متعلق کوئی ثبوت نہیں مل سکا جس کے بعد انہیں اس معاملے سے کلیئر کر دیا گیا۔اب بلاول بھٹو کے خلاف صرف پارک لین کیس میں تحقیقات جاری ہیں۔
ذرائع کے مطابق پارک لین پراتھنن کیس میں قومی خزانے کو 3.77 ارب روپے کا نقصان ہوا جس کی ذمہ داری سابق صدر آصف علی زرداری اور دیگر افراد پر عائد ہوتی ہے۔
ذرائع کے مطابق جعلی اکاؤنٹس کے معاملے میں پارک لین پیراتھنن ایک اہم کیس تھا جس میں قومی احتساب بیورو (نیب) نے ابتداء میں بلاول بھٹو کو ملزم نامزد کیا تھا۔
نیب ذرائع نے بتایا کہ نیب کی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے بلاول بھٹو زرداری سے اس متعلق پوچھ گچھ بھی کی تھی تاہم کیس کی تحقیقات میں بلاول بھٹو کے خلاف کچھ بھی ثابت نہیں ہوسکا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آج نیب ہیڈکوارٹرز میں پارک لین کیس کے حوالے سے ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی ہے جس میں سابق صدر آصف زرداری سمیت دیگر افراد کو نامزد کیا گیا ہے لیکن اس کیس میں بلاول کو کلیئر کردیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ احتساب عدالت نے گزشتہ روز جعلی اکاؤنٹس کیس کے بعد پارک لین کیس میں سابق صدر آصف زرداری کی گرفتار ظاہر کی تھی۔
آصف زرداری پر پارک لین کمپنی اور اس کے ذریعے اسلام آباد میں 2 ہزار 460 کنال اراضی خریدنے کا الزام ہے۔
نیب ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں خریدی گئی تقریباً ڈھائی ہزار کنال زمین کی اصل مالیت 3 ارب روپے سے زائد ہے لیکن اسے صرف 62 کروڑ روپے میں خریدا گیا۔