انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے عالمی سطح پر تیزی سے پھیلتی ہوئی وبا کورونا وائرس کے سبب ٹی20 ورلڈ کپ کے تمام کوالیفائرز مقابلوں کے ساتھ ساتھ ورلڈ کپ ٹرافی کا ورلڈ ٹور بھی منسوخ کردیا ہے۔
جمعرات کو کرکٹ کی عالمی گورننگ باڈی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 30 جون سے قبل ہونے والے آئی سی سی کے تمام مقابلے منسوخ کر دیے گئے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ موجودہ صورتحال کا بغور جائزہ لینے کے بعد کرکٹ برادری کی صحت اور بہتری کو مدنظر رکھتے ہوئے 30 جون سے قبل ہونے والے تمام مقابلے منسوخ کردیے گئے ہیں اور اس صورتحال کا بعد میں دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔
2021 ورلڈ کپ کے کوالیفائر اور 2023 ورلڈ کپ کے کوالیفائر مقابلوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا جبکہ آئی سی سی ویمن ورلڈ کوالیفائر پر بھی غور جاری ہے۔
آئی سی سی نے رواں سال آسٹریلیا میں ہونے والے ویمن ٹی20 ورلڈ کپ کے ٹرافی ٹور پر بھی تاحکم ثانی پابندی عائد کردی ہے۔
آئی سی سی کے عالمی مقابلوں کے سربراہ کرس ٹیٹلی نے جمعرات کو جاری بیان میں کہا کہ کورونا وائرس کے سبب عالمی سطح پر درپیش چیلنجز اور دنیا بھر میں عائد پابندیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے آئی سی سی نے جون کے آخر تک تمام مقابلے ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں، شائقین اور عملے کی صحت ہماری اولین ترجیح ہے اور تمام متعلقہ افراد کو مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے ذمے داری کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔
یاد رہے کہ کورونا وائرس کے سبب دنیا بھر کے کھیلوں کے ایونٹس متاثر ہونے کا سلسلہ جاری ہے اور دنیا بھر میں کھیلوں کی سرگرمیاں ملتوی کردی گئی ہیں۔
فٹبال، کرکٹ، ٹینس سمیت تمام مقابلوں اور عالمی ایونٹس کی منسوخی کا اعلان کردیا گیا ہے جبکہ اولمپکس کو بھی ملتوی کرنے کا اعلان کردیا گیا۔
دنیا بھر میں اب تج کورونا وائرس سے 22 ہزار افراد ہلاک جبکہ 4 لاکھ 95ہزار افراد متاثر ہوچکے ہیں۔