بینونی:
جنوبی افریقہ کے خلاف ویمنز ٹی 20 سیریز جیتنے کا پاکستانی خواب ادھورا رہ گیا جب کہ میزبان سائیڈ نے پانچواں میچ 9 وکٹ سے جیت کر سیریز 3-2 سے اپنے نام کرلی۔
126 رنزکا تعاقب کرنے والی جنوبی افریقی ٹیم نے 16 ویں اوور کی پہلی ہی گیند پر صرف ایک وکٹ پر ہدف حاصل کرلیا، ٹیزمائن برٹس کو صرف 9 کے انفرادی اسکور پر ندا ڈار نے فاطمہ ثنا کی مدد سے میدان بدر کیا مگر اس کے بعد پاکستانی بولرز کو کوئی اور وکٹ نہیں ملی۔
اوپنر لیزیلی لی نے ناڈائین ڈی کلیرک کے ساتھ مل کر ٹیم کو ہدف عبور کرادیا، انھوں نے 48 بالز پر 2 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 75 رنز بنائے، ڈی کلیرک 37 رنز پر ناٹ آؤٹ رہیں۔
اس سے قبل پاکستانی اوپنر عمائمہ سہیل صرف 8 رنز پر شبنم اسماعیل کی گیند پر سون لوس کا کیچ بن گئیں۔ دوسری اوپنر جویریہ خان نے ڈینیئلز کی گیند پر سیکھوکھونے کا کیچ بننے سے قبل 20 رنز بنائے، کپتان بسمہ معروف کو 23 کے انفرادی اسکور پر سیکھوکھونے نے برٹس کی مدد سے قابو کیا، ندا ڈار نے سب سے زیادہ 28 رنز 2 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے بنائے، ان کا کیچ ڈی کلیرک کی گیند پر شبنم نے لیا۔
ارم جاوید (3) لوس کی گیند پر شبنم کے ہاتھوں کیچ ہوئیں، اس طرح گرین شرٹس نے 5 وکٹ پر 125 رنز بنائے، عالیہ ریاض 26 پر ناٹ آؤٹ رہیں۔ ندا ڈار کو سیریز کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔