ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2020 کیلئے براہ راست کوالیفائی کرنے والی ٹیموں کا اعلان


دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2020 کے لیے براہ راست کوالیفائی کرنے والی ٹیموں کا اعلان کردیا۔

آئی سی سی رینکنگ میں شامل ابتدائی 8 ٹیمیں 2020  میں آسٹریلیا میں کھیلے جانے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں براہ راست کوالیفائی کرچکی ہیں جب کہ بنگلادیش اور سری لنکا کی ٹیموں کو کوالیفائی میچز کھیلنا ہوں گے۔

آئی سی سی کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2020 کے لیے کوالیفائی کرنے والی ٹیموں کی تصدیق 31 دسمبر 2018 تک کی رینکنگ کی بنیاد پر کی گئی ہے۔

سپر 12 مرحلے میں براہ راست کوالیفائی کرنے والی ٹیموں میں پاکستان سرفہرست ہے جس کے بعد بھارت، انگلینڈ، آسٹریلیا، جنوبی افریقا، نیوزی لینڈ اور افغانستان کی ٹیمیں شامل ہیں۔

سابق چیمپئن اور تین مرتبہ فائنل کھیلنے والی سری لنکن ٹیم براہ راست کوالیفائی کرنے میں ناکام رہی۔

سری لنکا اور بنگلادیش کی ٹیمیں رینکنگ میں بالترتیب نویں اور دسویں پوزیشن پر ہیں اس لیے انہیں دیگر ٹیموں کے ساتھ 2020 میں ہی کوالیفائی میچز کھیلنا ہوں گے۔

دیگر ٹیموں میں اسکاٹ لینڈ، زمبابوے، یو اے ای، نیدرلینڈ، ہانک کانگ اور اومان شامل ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں