ٹی وی پر سفارش کی وجہ سے آیا، جاوید شیخ


کراچی: 

پاکستان کے لیجنڈ اداکار جاوید شیخ کا کہنا ہے کہ وہ ٹی وی پر سفارش کی وجہ سے آئے۔

پاکستان فلم اور ڈراما انڈسٹری کے سینئر ترین اداکار جاوید شیخ نے نجی ٹی وی چینل کے شو میں اپنے کیریئر سے متعلق وہ باتیں شیئر کیں جو شاید آج تک کوئی نہیں جانتاتھا۔ جاوید شیخ نے بتایا کہ انہوں نے اپنے کیریئر کی شروعات بطور ایکسٹرا کی تھی۔ میں نے ریڈیو پاکستان میں 5 بار آڈیشن دیا اور پانچوں بار فیل ہوا لیکن دلبرداشتہ نہیں ہوا۔ اور چھٹی بار مجھے سلیکٹ کرلیا گیا اور میں نے صرف ایک لائن بولی۔

ٹی وی پر کام کرنے کے حوالے سے جاوید شیخ نے بتایا کہ اس وقت نیا نیا ٹی وی آیا تھا تو میں ایک سفارشی اداکار کے طور پر گیا۔ میں نے آفتاب افغانی صاحب جو پروڈیوسر تھے کو کہا کہ مجھے ٹی وی پر کام کرنا ہے ۔ انہوں نے پی ٹی وی کراچی کے پروڈیوسر و ہدایت کار امیر امام صاحب کو فون کیا اور میرے بارے میں بات کی اور اس طرح مجھے ایک چھوٹا سا کردار ملا جو ایک ملازم کا تھا۔

جاوید شیخ بالی ووڈ میں 20 سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھاچکے ہیں۔ میزبان کی جانب سے بالی ووڈ میں کام کرنے کے حوالے سے پوچھے جانے والے سوال پر جاوید شیخ نے کہا کہ بھارت میں جو کچھ مسلمانوں کے ساتھ ہورہا ہے تو مجھے نہیں لگتا کہ ابھی میرا وہاں کام کرنے کا دل کرے گا جب تک حالات سیاسی طور پر سازگار نہیں ہوجاتے جب تک میرا دل نہیں کرے گا۔ بھارت میں حال ہی میں  ہونے والے دہلی فسادات، کشمیر اور گجرات میں ظلم دیکھ کر دل بہت دکھتا ہے۔

جاوید شیخ نے مزید کہا اس وقت جو ماحول ہے اور پاکستان بھارت کے جو حالات چل رہے ہیں اس صورتحال میں یہاں بھارتی فلمیں اور ڈرامے بھی نہیں دکھانے چاہیئں۔


اپنا تبصرہ لکھیں