اسلام آباد: ٹیکس دہندگان کو ریفنڈزکی ادائیگی کیلیے جاری31 ارب روپے کے بانڈز ناکام ہوگئے۔
ایف بی آر نے بانڈز رکھنے والے ٹیکس دہندگان کوانکم ٹیکس و سیلز ٹیکس کے ریفنڈزکی نقدادائیگی کافیصلہ کیا ہے جس کیلئے وزارت خزانہ سے ضمنی امداد لینے کیلئے سمری تیار کرکے ایف بی آر کی بورڈ ان کونسل کو بھجوادی ہے۔
دستاویز کے مطابق ایف بی آر نے ٹیکس دہندگان کو درپیش لیکویڈیٹی کے مسائل حل کرنے کیلئے جولائی تا ستمبر تک کیلئے انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس ریفنڈز کی ادائیگی کیلئے اکتوبر کے شروع میں 31 ارب 10 کروڑ روپے کے قابل تجارت بانڈز جاری کئے تاہم تاجروں کوان کے لین دین میں شدیدمشکلات ہیں۔
ایف بی آرنے اسٹیٹ بینک سے رجوع کیا ہے مگر اس کے باوجود یہ مسائل حل نہیں ہوسکے، جس کے باعث یہ بانڈز گروی رکھوائے جارہے ہیں نہ انکی تجارت ہورہی ہے، جس کے باعث حکومت نے بانڈزرکھنے والے ٹیکس دہندگان کوضمنی امدادکے ذریعے ادائیگی کافیصلہ کیا ہے۔