اسلام آباد:
ملک بھر میں بڑی تعداد میں رجسٹر ٹیکس دہندگان کی جانب سے ٹیکس بچانے کیلیے فارم ایف کا بڑے پیمانے پر غلط استعمال کرنے کا انکشاف ہوا ہے اور فارم ایف میں منفی ویلیو ظاہر کرکے کیری فارورڈ اسٹاک کو مینج کرکے قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچایا جارہاہے۔
ایف بی آر نے پرال کے تعاون سے فارم ایف کے غلط استعمال میں ملوث ٹیکس دہندگان کی فہرستیں تیار کرکے قانونی کاروائی کیلیے فیلڈ فارمشنز کو بھجوادی ہیں،’’ایکسپریس‘‘کو دستیاب دستاویز کے مطابق ایف بی آر نے ملک بھر میں تمام لارج ٹیکس پیئر یونٹس، ریجنل ٹیکس آفس اور کارپوریٹ ریجنل ٹیکس آفس کے چیف کمشنرز کو مراسلہ بھجوایا ہے۔
اس میں کہا گیا کہ سیلز ٹیکس گوشواروں کے خانہ نمبر27میں کریڈٹ کیری فارورڈ میں منفی ویلیو ظاہر کرنے والے ٹیکس دہندگان کے گوشوارے جمع نہیں ہوسکتے کیونکہ سسٹم میں چیک اینڈ بیلنس کا سافٹ وئیر ہے اور مانیٹرنگ کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ بڑی تعداد میں رجسٹر ٹیکس دہندگان فارم ایف میں کیری فارورڈ کی ویلیو منفی ظاہر کرنے کی و جہ سے گوشوارے جمع نہیں کرا پائے ہیں۔