ٹیکساس: ڈاکٹر داؤد ناصر ڈاکٹروں کی تنظیم اپنا بورڈ آف ٹرسٹی کے رکن منتخب ، ٹیکساس کے ڈاکٹروں کا اظہار مسرت مبارکبادیں
ڈیلس ( راجہ زاہد اختر خانزادہ ) ریاست ٹیکساس سے تعلق رکھنے والے معروف فزیشن اور ڈاکٹروں کی تنظیم اپنا کے رہنما ڈاکٹر داؤد ناصر کو بورڈ آف ٹرسٹی کا چار سالوں کیلیئے رکن منتخب کرلیا گیا،بورڈ نے تقرری کی منظوری دے دی، ریاست ٹیکساس کے ڈاکٹروں کی جانب سے اظہار مسرت اور ڈاکٹر داؤد کو مبارک باد کے پیغامات۔ ملنے والی تفصیلات کے مطابق اپنا کی تاریخ میں پہلی بار ریاست ٹیکساس سے کسی بھی رہنما کا یہ پہلا تقرر کیا گیا ہے۔ اپنا شمالی امریکہ میں پاکستانی ڈاکٹروں کی سب سے بڑی محب وطن تنظیم ہے جوکہ امریکہ میں بسنے والے اٹھارہ ہزار سے زائد پاکستانی ڈاکٹروں کی نمائیندگی کرتی ہے، یہ تنظیم نہ صرف امریکہ بلکہ پاکستان میں بھی کئی فلاحی منصوبوں پر خطیر رقم خرچہ کرکے کمیونٹی کو طبی اور تعلیمی سہولیات فراہم کرتی چلی آرہی ہے۔ ٹیکساس کےپاکستانی ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر داؤد ناصر کا اس عہدہ پر تقرر یہاں کے ڈاکٹروں اور کمیونٹی کیلئے ایک بڑا اعزاز ہے۔ واضع رہے کہ ڈاکٹر داؤد ناصر کا شمار اپنا کے سینئر ترین رہنماؤں میں کیا جاتا ہے وہ حال ہی میں ڈیلس میں ہونے والے موسم گرما کے کنونشن 2018 کے چیئرمین بھی تھے جسمیں دنیا بھر سے ہزاروں مندوبین شریک ہوئے یہی وجہ ہے کہ اس کنونشن کو اپنا کی تاریخ میں ایک بھرپور کامیاب کنوینشن قرار دیا گیا ہے کیونکہ اسمیں ریکارڈ میمبران نے شرکت کی تھی، ڈاکٹر داؤد ناصر اپنا ٹیکساس کے صدر سمیت کئی عہدوں پر بھی اپنی خدمات سرانجام دے چکے ہیں جسمیں وہ اپنا کے مرکزی سیکرٹری مالیات جبکہ قائداعظم میڈیکل کالیج المنائی کے صدر بھی رہ چکے ہیں، جبکہ وہ اپنی اہلیہ ڈاکٹر محمودہ ناصر جوکہ داؤد میڈیکل کالیج سے گریجویٹ ہیں وہ انکے ہمراہ بھی کئی سالوں سے پلانو مسجد کے تعاون سے کمیونٹی کیلئے مفت فلاحی نفسیاتی کلینک میں بھی مسلسل خدمات سرانجام دے رہے ہیں، جسپر مقامی کمیونٹی انکو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ دوسری جانب ڈاکٹر داؤد ناصر کی بورڈ آف ٹرسٹی کی تقری پر نہ صرف ڈاکٹروں بلکہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں نے اسکو ٹیکساس کیلیئے ایک اعزاز قرار دیتے ہوئے ڈاکٹر داؤد کو اس عظیم کامیابی پر مبارکباد پیش کی ہے۔