ٹیم میں عبدالرزاق کی کمی پوری کرنے کی کوشش کروں گا، عماد بٹ


لاہور: 

قومی کرکٹر عماد بٹ کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم میں عبدالرزاق کی کمی پوری کرنے کی کوشش کروں گا۔

قذافی اسٹیڈیم میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے قومی کرکٹر عماد بٹ کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقا کے جیک کیلس میرے فیورٹ کھلاڑی ہیں، پاکستان کے لیے کھیلنا کسی کے لیے بھی اعزاز کی بات ہوتی ہے، بنگال ٹائیگرز کے خلاف موقع ملا تو بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گا۔

عماد بٹ کا کہنا تھا کہ عبدالرزاق کی کمی ضرور محسوس ہوتی ہے، گرین شرٹس میں یہ خلا پوری کرنے کی کوشش کروں گا، میں کسی ایک شعبے میں نہیں بلکہ بیٹنگ بولنگ اور فیلڈنگ تینوں میں نام کمانا چاہتا ہوں، خواہش ہے کہ بطور آل راؤنڈر پہچانا جاؤں۔

عماد بٹ نے کہا کہ پاکستان میں اپنے کراؤڈ کے سامنے کھیلنا اعزاز کی بات ہے، بنگلا دیش اچھی ٹیم ہے، عمدہ پرفارمنس دینے کی کوشش کریں گے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ کوشش ہوتی ہے کہ اچھا پرفارم کر کے سیلکٹرز کے اعتماد پر پورا اتروں۔

اپنا تبصرہ لکھیں