ٹیم انتظامیہ کا اسد شفیق اور اظہر علی کو ایک اور موقع دینے کا فیصلہ


قومی ٹیم کی انتظامیہ نے جنوبی افریقا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شکست کے باوجود سینئر بیٹسمینوں اسد شفیق اور اظہر علی کو ایک اور لائف لائن دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

اسد شفیق کیپ ٹاون ٹیسٹ میں 2013میں سنچری بنا چکے ہیں، موجودہ ٹیم میں اسد شفیق واحد بیٹسمین ہیں جنہیں جنوبی افریقا میں سنچری بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔

کپتان سرفراز احمد پہلے ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں صفر پر آوٹ ہوئے تھے جب کہ اسد شفیق اور اظہر علی غیر ذمے داری سے آوٹ ہوئے تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جمعرات سے شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میں پاکستانی بیٹنگ لائن میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی، سینئر بیٹسمین اسد شفیق اور اظہر علی کو غیر ذمے دارانہ اور مایوس کن بیٹنگ کے باوجود ایک اور موقع دیا جارہا ہے۔

جنوبی افریقا کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے دوران بیٹنگ کی خراب کارکردگی کے بعد مکی آرتھر نے کپتان سرفراز احمد، اسد شفیق اور اظہر علی کے ساتھ غیر اخلاقی رویہ اختیار کیا تھا۔

سینئر بیٹسمینوں کی بدترین کارکردگی کے بعد پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر جذبات پر قابو نہ پاسکے اور ان کی کپتان سرفراز احمد سمیت سینئر بیٹسمینوں سے شدید جھڑپ ہوئی تھی، میچ کے دوسرے دن سرفراز احمد اور اظہر علی صفر اور اسد شفیق 6 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان ٹیم نے کیپ ٹاون پہنچنے کے بعد منگل کو نیو لینڈز میں پہلے پریکٹس سیشن میں شرکت کی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کندھے کی تکلیف میں مبتلا فاسٹ بولر محمد عباس فٹ ہوگئے ہیں اور وہ یقینی طور پر ٹیسٹ میچ میں حصہ لیں گے۔

اگر پاکستانی ٹیم 4 فاسٹ بولروں کے ساتھ میدان میں اتری تو عباس اور یاسر شاہ کی جگہ کھیلیں گے۔ اس بات کے امکانات روشن ہیں کہ پاکستان 3 فاسٹ بولروں محمد عامر، شاہین شاہ آفریدی اور محمد عباس کے ساتھ میدان میں اترے گی جب کہ یاسر شاہ واحد اسپنر ہوں گے۔

پاکستانی اننگز کا آغاز امام الحق اور فخر زمان کریں گے جب کہ شان مسعود نمبر 3 پر کھیلیں گے، مڈل آرڈر بیٹنگ لائن میں اظہر علی، اسد شفیق، بابر اعظم اور کپتان سرفراز احمد شامل ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حارث سہیل ابھی تک گھٹنے کی تکلیف سے مکمل صحت یاب نہیں ہوسکے ہیں اس لیے وہ ابھی آرام کریں گے، لیگ اسپنر شاداب خان فٹ ہوگئے ہیں لیکن یاسر شاہ کو ٹیسٹ میچ میں ان پر فوقیت دی جائے گی


اپنا تبصرہ لکھیں