سماجی رابطے کی ایپلی کیشن ’ٹیلی گرام‘ کے چیف ایگزیکٹو پیول دروو کو شمالی فرانس کے ایئرپورٹ پر پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔
بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق فرانسیسی پولیس کی جانب سے ٹیلی گرام کے چیف کو اس وقت حراست میں لیا گیا جب ان کا پرائیوٹ جیٹ فرانس کے لی بورگیٹ ایئرپورٹ پر لینڈ کیا۔
حکام کے مطابق پیول دروو کو ٹیلی گرام ایپلی کیشن سے متعلق وارنٹ پرگرفتار کیا گیا ہے۔
39 سالہ ٹیلی گرام چیف پیول دروو کے خلاف تفتیش مبینہ طور پر ماڈیریٹرز کی کمی سے متعلق ہے جبکہ ان پر پر اپنی ایپلی کیشن پر مجرمان کے اکاؤنٹس کے خلاف ایکشن نہ لینے کا الزام عائد ہے۔
روس میں پیدا ہونے والے ٹیلی گرام چیف متحدہ عرب امارات اور فرانس کی شہریت رکھتے ہیں۔
تاہم 2018 میں روسی حکومت کو ٹیلی گرام کا صارف ڈیٹا فراہم نہ کرنے پر روس میں ایپلی کیشن پر پابندی عائد کردی گئی تھی، لیکن 2021 میں پابندی اٹھا لی گئی۔
روس، یوکرین اور سابقہ سووین یونینز میں ٹیلی گرام کافی مقبول ہے، 2013 میں یہ ایپلی کیشن پیول دروو کی جانب سے بنائی گئی تھی، لیکن ٹیلی گرام چیف کے ایک اور مقامی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’وی کے آن تاکتے‘ پر مخالف کمیونیٹیز کو بند کرنے کے حکومتی مطالبے کو ماننے سے انکار کرنے پر انہیں مشکلات کا سامنا تھا، جس پر پیول دروو نے 2014 میں روس چھوڑ دیا تھا۔
دوسری جانب روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زخارووا نے ٹیلی گرام چیف کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کیا اب مغربی انسانی حقوق کی تنظیمیں اس گرفتاری پر خاموش رہیں گی؟ جنہوں نے 2018 میں روس کے ٹیلی گرام کے خلاف اقدامات پر تنقید کی تھی۔