ٹیسٹ رینکنگ: پاکستان کا کوئی بھی کھلاڑی ٹاپ 10 میں جگہ نہ بناسکا


انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹیسٹ کرکٹ کی نئی رینکنگ جاری کردی ہے جس میں ٹیموں کی رینکنگ میں پاکستان آٹھویں نمبر پر ہے جب کہ بلے بازوں میں بابر اعظم 13 ویں اور بولرز میں محمد عباس 18ویں نمبر پر موجود ہیں۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری کی گئی تازہ ٹیسٹ ٹیموں کی رینکنگ میں بھارت کا پہلا نمبر ہے جب کہ نیوزی لینڈ دوسرے اور انگلینڈ تیسرے نمبر پر براجمان ہے۔

جنوبی افریقا چوتھے اور آسٹریلیا پانچویں نمبر پر موجود ہے جب کہ سری لنکا چھٹے اور ویسٹ انڈیز پاکستان سے ایک نمبر اوپر ساتویں پوزیشن پر ہے۔

آئی سی سی کی حالیہ رینکنگ میں قومی ٹیم کا نمبر 8 واں ہے جس کے بعد بالترتیب بنگلا دیش اور افغانستان موجود ہیں۔

بلے بازوں کی ٹیسٹ رینکنگ میں کوئی بھی پاکستانی بلے باز پہلے 10 کھلاڑیوں میں جگہ نہیں بنا سکا ، بابر اعظم دو درجے ترقی کے ساتھ 13 ویں نمبر پر جگہ بنانے میں کامیاب ہوسکے۔

پاکستان کے خلاف حالیہ ٹیسٹ سیریز میں ناقص کارکردگی پر اسٹیون اسمتھ ایک درجہ تنزلی کے بعد دوسرے نمبر پر آگئے ہیں جب کہ کوہلی ایک درجہ ترقی پاکر دوبارہ پہلے نمبر پر آگئے ہیں۔

کیوی کپتان کین ولیمسن کی تیسری پوزیشن ہے جب کہ بھارت کے پجارا اور آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔ پاکستان کیخلاف ٹرپل سنچری کے بعد وارنر کی 12 درجے ترقی ہوئی ہے۔

بولرز کی رینکنگ میں بھی کوئی بھی پاکستانی  پہلے 10کھلاڑیوں میں جگہ نہیں بناسکا، فہرست میں پاکستان کی جانب سے سب سے اوپر محمد عباس ہیں جن کا 18 واں نمبر ہے۔

اس فہرست میں آسٹریلیا کے پیٹ کمنز پہلے نمبر پر موجود ہیں جب کہ جنوبی افریقا کے ربادا دوسرے اور ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

کیوی بولر نیل ویگنز چوتھے اور بھارت کے جسپریت بمراہ پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔

ٹیسٹ آل راؤنڈرز کی فہرست میں بھی پہلے دس ناموں میں کسی بھی پاکستانی آل راؤنڈر کا نام شامل نہیں البتہ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سنچری بنا کر یاسر شاہ 17 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔

پہلے نمبر پر ویسٹ انڈین قائد جیسن ہولڈر موجود ہیں جب کہ بھارت کے رویندرا جدیجا دوسرے اور بین اسٹوکس تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں