دبئی:
تفصیلات کے مطابق میلبورن میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ جبکہ سنچورین میں جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ میچز کے اختتام پر کئی پلیئرز کی رینکنگ میں اکھاڑ پچھاڑ ہوئی تاہم اس میں ٹاپ 10 میں موجود واحد پاکستانی بیٹسمین بابر اعظم کی پوزیشن محفوظ رہی جوکہ چھٹے نمبر پر موجود ہیں۔
اسی طرح 20 ویں نمبر کے حامل اسد شفیق بھی فی الحال ٹاپ 20 میں جگہ برقرار رکھے ہوئے ہیں۔ کراچی ٹیسٹ میں سنچری بنانے والے پاکستانی کپتان اظہر علی کے پاؤں البتہ پھر سے پھسلنا شروع ہوگئے ہیں، آسٹریلوی بیٹسمین ٹریوس ہیڈ کی ترقی کے بعد جن کھلاڑیوں کو اپنی جگہ سے نیچے جانا پڑا ان میں اظہر بھی شامل اور اب وہ 27 ویں نمبر پر پہنچ چکے ہیں۔ ایک درجہ ترقی پاکر آسٹریلوی بیٹسمین مارنس لبوشین کیریئر بیسٹ چوتھے نمبر پر پہنچ چکے ہیں، ان کیلیے چتیشور پجارا کو ایک قدم پیچھے ہٹنا پڑا ہے۔
ٹاپ پوزیشن پر بدستور بھارتی کپتان ویرات کوہلی کا قبضہ ہے جبکہ اسٹیون اسمتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ ٹاپ 10 ٹیسٹ بولرز میں ایک بھی پاکستانی موجود نہیں ہے البتہ محمد عباس 15 ویں اور یاسر شاہ 22 ویں نمبر پر جگہ برقرار رکھے ہوئے ہیں۔ بولنگ چارٹ میں ٹاپ پر آسٹریلیا کے پیٹ کمنز موجود ہیں نیوزی لینڈ کے نیل ویگنر نے ایک درجہ ترقی پاکر دوسری پوزیشن سنبھال لی۔
جنوبی افریقہ کے ورنون فلینڈر بھی پانچویں نمبر پر پہنچ چکے، مچل اسٹارک اور جوش ہیزل ووڈ کو تنزلی کا سامنا کرنا پڑا ہے، ٹیسٹ آل راؤنڈرز میں ویسٹ انڈین کپتان جیسن ہولڈر کا پہلا نمبر ہے، دوسری پوزیشن پر رویندرا جڈیجا موجود ہیں۔ ٹیم رینکنگ میں بھارت پہلے، نیوزی لینڈ دوسرے، جنوبی افریقہ تیسرے، انگلینڈ چوتھے اورآسٹریلیا پانچویں نمبر پر موجود ہے۔ پاکستان کی بدستور ساتویں پوزیشن ہے، چھٹا نمبر سری لنکا کے پاس ہے۔