دبئی:
ٹیسٹ رینکنگ میں اکھاڑ پچھاڑ کے باوجود بابر اعظم کی پانچویں پوزیشن بدستور محفوظ ہے۔نیوزی لینڈ کی ویسٹ انڈیز پر پہلے ٹیسٹ میں اننگز سے فتح کے بعد تازہ ترین پلیئرز رینکنگ جاری کردی گئی، ہیملٹن میں کھیلے جانے والے اس مقابلے میں 251 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے والے کیوی کپتان کین ولیمسن 2 درجے ترقی پاکر چوتھے سے دوسرے نمبر پر پہنچ گئے، بھارتی کپتان ویرات کوہلی اور آسٹریلیا کے مارنس لبوشین کو ایک ایک قدم نیچے تیسرے اور چوتھے نمبر پر آنا پڑا، البتہ بابر اعظم کی پانچویں پوزیشن محفوظ رہی۔
ٹام لیتھم نے اجنکیا راہنے کو ٹاپ 10 سے باہر کرتے ہوئے دسویں پوزیشن سنبھال لی، نمبر ون ٹیسٹ بیٹسمین کا اعزاز بدستور آسٹریلوی اسٹیون اسمتھ کے پاس ہے۔
پاکستان کے اگلے ٹاپ رینکڈ بیٹسمین اظہر علی 23 ویں نمبر پر موجود ہیں،اسد شفیق 26 اور شان مسعود 29 ویں درجے پر ہیں۔
بولرز میں ٹاپ پوزیشن آسٹریلوی پیٹ کمنز کے پاس ہے، کیریبیئنز سے پہلے ٹیسٹ میں عمدہ بولنگ کا صلہ نیل ویگنر کو ایک درجہ ترقی کی صورت میں مل گیا،انھوں نے اسٹورٹ براڈ کو دوسری پوزیشن سے محروم کردیا، پاکستان کے محمد عباس 14 ویں نمبر پر موجود ہیں۔
شکیب الحسن کی 22 ویں نمبر پر واپسی سے تنزلی کا شکار ہونے والے بولرز میں یاسر شاہ بھی شامل ہیں، وہ اب 24 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔