دنیا بھر کے نوجوانوں میں تیزی سے مقبول ہوتی ایپ ٹک ٹاک کو بند کرنے کے لیے ملتان ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس امیر بھٹی نے درخواست پر چیئرمین پیمرا اور چیئرمین پی ٹی اے سے تین ہفتے میں جواب طلب کرلیا ہے۔
درخواست دائر کرنے والے پٹشنر شہباز احمد نے ایڈووکیٹس عمیر رزاق بھٹی اور فیصل اقبال کے ذریعے درخواست دائر کی ہے۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ سوشل میڈیا ویب سائٹ ‘ٹک ٹاک’ آئین پاکستان کی اسلامک دفعات، بنیادی انسانی حقوق، رازداری کی خلاف ورزی ہے جبکہ ٹک ٹاک اسلامی ضابطہ حیات کی بھی خلاف ورزی ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ ٹک ٹاک نوجوان لڑکیوں کی قابل اعتراض تصاویر اور ویڈیوز وائرل کرنے کا بھی باعث بن رہا ہے۔
درخواست میں مطالبہ کیا گیا کہ ٹک ٹاک کو فل فور بند کیا جائے۔
درخواست میں فیڈریشن آف پاکستان، وزارت قانون اور ڈائریکٹر پی ٹی اے زونل آفس کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔