شارٹ ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ’ٹک ٹاک‘ نے نوجوانوں کی مزید توجہ حاصل کرنے کے لیے ایک نئی مِنی ایپلی کیشن متعارف کرانے کا اعلان کردیا۔
ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن نے ’ٹک ٹاک ناؤ‘ نامی ایسی مِنی ایپلی کیشن متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے،جس کے تحت صارفین بیک وقت موبائل کے فرنٹ اور بیک کیمرے استعامل کرکے خصوصی ڈفالٹ فیچرز کی ویڈیوز اور تصاویر بنا سکیں گے۔
ایپلی کیشن انتظامیہ کی جانب سے بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا کہ ’ٹک ٹاک ناؤ‘ ایسی مِنی ایپ ہوگی جو ٹک ٹاک کی طرح ہی کام کرے گی اور لوگوں کو ٹک ٹاک میں بھی مذکورہ ایپ کو استعمال کرنے کی سہولت دستیاب ہوگی۔
یعنی ٹک ٹاک میں ’ٹک ٹاک ناؤ‘ نامی ایک الگ ٹیب نظر آئے گا، جہاں پر جاکر صارفین بیک وقت موبائل کے دونوں کیمرے استعمال کرکے خصوصی ویڈیوز بنا سکیں گے۔
’ٹک ٹاک ناؤ‘ جہاں ٹیب کی شکل میں ٹک ٹاک پر استعمال کی جا سکے گی، وہیں لوگ اس کی الگ ایپلی کیشن پر جاکر اس میں اکاؤنٹ بنانے کے اہل بھی ہوں گے۔
’ٹک ٹاک ناؤ‘ پر 16 سال سے کم عمر افراد بھی ویڈیوز بنا سکیں گے مگر وہ اپنی ویڈیوز کو شیئر نہیں کر پائیں گے۔
اسی طرح 13 سے 15 سال کی عمر کے افراد کو مخصوص ویڈیوز پر کمنٹس کرنے کی اجازت ہوگی۔
’ٹک ٹاک ناؤ‘ میں صارف کو ویڈیو یا تصاویر بنانے کا نوٹی فکیشن بھی موصول ہوگا اور ابتدائی طور پر صارفین اس پر 10 سیکنڈ کی ویڈیو بنا سکیں گے۔
ٹک ٹاک کے مطابق ابتدائی طور پر ’ٹک ٹاک ناؤ‘ کو امریکا میں متعارف کرایا جائے گا، جس کے بعد ترتیب وار دیگر ممالک میں بھی اسے پیش کردیا جائے گا۔