ٹک ٹاک نے فیملی پیئرنگ کا فیچر متعارف کرا دیا


آج ہی دنیا میں تیزی سے مقبول ہونے والی ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک نے اپنے 16 سال اور اس سے کم عمر صارفین پر ایک دوسرے کو براہ راست پیغامات بھیجنے پر پابندی عائد کی تھی۔

اب اس سوشل میڈیا ایپ نے کم عمر نوجوانوں کو آن لائن خطرات سے بچانے کے لیے ایک اور فیچر بھی پیش کردیا ہے جسے فیملی پیئرنگ کا نام دیا گیا ہے۔

کمپنی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق تفریح حاصل کرنے، باخبر رہنے اور رابطے میں رہنے کے لیے زیادہ سے زیادہ خاندان انٹرنیٹ پلیٹ فارمز مثلاً ٹک ٹاک کا رُخ کر رہے ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ نئے کوروونا وائرس کی وبا سے پہلے بھی ایسا ہورہا تھا مگر وبائی مرض کے پھیلنے کے ساتھ ہی اس میں مزید تیزی آ گئی ہے اور سماجی دوری نے خاندانوں کو قریب کر دیا ہے اور اسی وجہ سے ایسا ٹول متعارف کرایا جارہا ہے جو ایک محفوظ تجربہ یقینی بناسکے۔

فیملی پیئرنگ نامی ٹول کے ذریعے والدین اور نوجوان افراد کو اُن کی انفرادی ضرورت کے مطابق سیفٹی سیٹنگز فراہم کی گئی ہیں ، جس کی مدد سے والدین کو اپنے نوجوان بچوں کی رہنمائی میں مدد مل سکے گی

بیان کے مطابق فیملی پیئرنگ کے علاوہ، ٹک ٹاک پہلےسے ہی ، اپنے استعمال کرنے والوں کے لیے مختلف فیچرز جیسے ایجوکیشنل سیفٹی ویڈیوز،ٹاپ ٹین ٹپس فار پیرنٹس ، پیرنٹل گائیڈز متعارف ہوچکے ہیں۔

فیملی پیئرنگ ٹول آئندہ چند ہفتوں میں صارفین کو دستیاب ہوگا جس کی مدد سے والدین اپنے ٹک ٹاک اکاؤنٹ کو بچوں کے اکاؤنٹس سے لنک کرکے درج ذیل کنٹرولز سیٹ کر سکیں:

اسکرین ٹائم مینجمنٹ

والدین اس ٹول کی مدد سے طے کرسکیں گے کہ ان کے بچے ٹک ٹاک پر روزانہ کتنا وقت گزار سکتے ہیں، اس کے علاوہ ٹک ٹاک نے ٹاپ کری ایٹرز کے ساتھ بھی شراکت داری کی ہے کہ وہ مختصر دورانیے کی ایسی ویڈیوز بنائیں جن سے صارفین کو اندازہ ہو کہ وہ اپپلیکشن میں کتنا وقت گزارتے ہیں۔

ان ویڈیوز میں مختلف اقدامات کی تجاویز دی جاتی ہیں کہ کچھ کام آف لائن بھی کریں، مثلاً کتاب پڑھیں۔

ریسٹرکٹیڈ موڈ

اس کی مدد سے نامناسب مواد کو بچوں کی فیڈ پر ظاہر ہونے سے روکا جاسکے گا۔

فیملی پیئرنگ سے والدین کسی بھی وقت ایپ کے ڈیجیٹل ویل بینگ کنٹرولز میں جا کر اسکرین ٹائم مینجمنٹ اور ریسٹرکٹیڈ موڈ سیٹ کرنے میں اپنے بچوں کی مدد کر سکتے ہیں۔

ڈائریکٹ میسیجز

اس کا ذکر تو اوپر ہوچکا ہے اور اس نئے ٹول کی مدد سے والدین طے کرسکتے ہیں کہ ان کے بچوں کے اکاؤنٹس پر کون میسیجز بھیج سکتا ہے ، اسے محدود کیا جا سکتا ہے یا پھر ڈائریکٹ میسیجنگ کو مکمل طور پر آف کیا جا سکتا ہے۔ 30 اپریل سے 16 برس سے کم عمر کے ارکان کی جانب سے رجسٹرڈ اکاؤنٹس پر ڈائریکٹ میسجنگ خود بخود آف ہو جائے گی۔

کمپنی کا کہنا تھا ‘ہم والدین کو معلومات فراہم کرنے، کنٹرول فراہم کرنے اُن کے نوجوان بچے کس طرح ٹک ٹاک استعمال کریں اور خاندانوں کے درمیان، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز میں ذمہ دارانہ نیوی گیشن کے بارے میں سہولت فراہم کرنے کے پابند ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ اقدامات ، تمام عمر کے لوگوں کو محفوظ تر اور زیادہ قابل اعتماد تجربہ ہی فراہم نہیں کرتے ہیں بلکہ اس شعبے میں ہماری پیش رفت کبھی ختم نہیں ہوئی ہے۔ ہمیں توقع ہے کہ اپنے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ کام کر کےہم نئے فیچرز اور وسائل کے ذریعے مسلسل بہتر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ ڈیجیٹل تجربہ میں اپنی کمیونٹی کی مدد کر سکیں’۔


اپنا تبصرہ لکھیں