کراچی سے کوئٹہ جانے والا پی آئی اے کا طیارہ ٹڈی دل کے جھنڈ سے ٹکرا گیا مگر خوش قسمتی سے کوئی نقصان نہیں ہوا۔
ٹڈی دل کا جھنڈ کراچی سے کوئٹہ جانے والے قومی ائیر لائن کے طیارے سے ٹکرایا مگر پرواز بحفاظت کوئٹہ ائیرپورٹ پہنچ گئی۔
طیارے سے ٹڈیوں کے جھنڈ ٹکرانے سے جہاز کی ونڈ اسکرین اور طیارے کے اگلے حصے پر نشانات آ گئے۔
چند ماہ قبل ٹڈی دل نے ضلع تھرپارکر میں بھی حملہ کر دیا تھا جس سے سیکڑوں ایکڑ پر کھڑی فصل تباہ ہو گئی تھی جب کہ گزشتہ ماہ ٹڈی دل نے کراچی کا بھی رخ کیا تھا جس کے باعث شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی تھی۔
دوسری جانب سجاول کے گاؤں میں بڑی جسامت کے چمگادڑوں نے ٹماٹر اور چیکو کی فصلوں پر حملہ کر دیا جس سے دونوں فصلیں برباد ہو گئیں۔ مقامی افراد نے فائرنگ کرکے کئی چمگادڑوں کو ہلاک کر دیا۔