ٹویوٹا نے اپنی ایک نئی ہیچ بیک گاڑی آئیگو ایکس سٹی متعارف کرا دی ہے۔
اس گاڑی کو یورپ میں فروخت کے لیے پیش کیا جارہا ہے جس کا ڈیزائن 2021 کے شروع میں پیش کیے گئے ایک کانسیپٹ ماڈل آئیگو ایکس پرولاگ سے متاثر ہے۔
یہ تھرڈ جنریشن آئیگو گاڑی ہے جس کو شہری آبادی کو مدنظر رکھ کر تیار کیا گیا ہے اور یہ سابقہ ماڈل سے 9.3 انچ بڑی ہے اور مجموعی لمبائی 145.6 انچ ہے۔
اسی طرح اس کی چوڑائی بھی بڑھائی گئی ہے تاکہ سامان اور مسافروں کے لیے جگہ زیادہ ہوسکے۔
آئیگو ایس کا فرنٹ ڈیزائن کافی منفرد ہے جس میں بڑی ہیڈ لائٹس، ایک بڑی لوئر گرل اور دیگر خصوصیات موجود ہیں۔
بیک پر ڈیزائن زیادہ منفرد ہے جس میں ایک گلاس ہیچ موجود ہے جبکہ اس کے ٹائر 18 انچ قطر کے ہیں۔
کمپنی کے مطابق آئیگو ایکس کو اسپائس کلر کانسیپٹ کے تحت ڈیزائن کیا گیا ہے یعنی گاڑی کی باڈی پر 2 مختلف رنگ موجود ہوں گے۔
گاڑی کے فرنٹ پر جو بھی رنگ ہو بیک پر بلیک رنگ دیا جائے گا۔
گاڑی کے اندر ایک 9 انچ کی ٹچ اسکرین کے علاوہ ایک اسکرین گیج کلسٹر کے لیے ہوگی جبکہ فزیکل کلائمٹ کنٹرول گاڑی کا حصہ ہوں گے۔
ٹویوٹا نے اس گڑی میں بہت کچھ صارفین کو فراہم کیا ہے جیسے فل ایل ای ڈی لائٹس، وائرلیس ڈیوائس چارجنگ، ایمبینٹ انٹرئیر لائٹنگ، اوور دی ایئر سافٹ ویئر اپ ڈیٹس، ایپل کار پلے یا اینڈرائیڈ آٹو، اڈاپٹو کروز کنٹرول، ایمرجنسی اسٹیئرنگ اسسٹ اور کلاؤڈ بیسڈ نیوی گیشن وغیرہ نمایاں فیچرز ہیں۔
گاڑی کے مالکان ایک اسمارٹ فون ایپ انسٹال کرکے گاری کے فیول لیول کے ساتھ دیگر اعدادوشمار کو مانیٹر کرسکیں گے۔
گاڑی کے اندر 72 ہارس پاور کا 1.0 لیٹر تھری سلینڈر انجن دیا گیا ہے جس کے ساتھ 5 اسپیڈ مینوئل یا ویری ایبل ٹرانسمیشن کے آپشن دستیاب ہوں گے۔
یہ گاڑی یورپ کے مختلف ممالک میں 2022 کے آغاز میں دستیاب ہوگی جس کی قیمت کا اعلان نہیں کیا گیا مگر اس کی قیمت 17 ہزار ڈالرز (28 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) سے شروع ہونے کا امکان ہے۔