فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے تصدیق کی ہے کہ ٹوئٹر کی طرح ان کے پلیٹ فارم پر بھی ماہانہ فیس کے عوض صارفین بلیو ٹک حاصل کر سکیں گے۔
مارک زکربرگ نے اعلان کیا ہے کہ نہ صرف فیس بک بلکہ ان کے دوسرے پلیٹ فارم انسٹاگرام پر بھی صارفین ماہانہ فیس کے عوض بلیو ٹک حاصل کر سکیں گے۔
اس سے قبل یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ ممکنہ طور پر ٹوئٹر کی طرح انسٹاگرام پر بھی پیسوں کے عوض بلیو ٹک فراہم کیے جانے کا فیچر پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
تاہم اب مارک زکربرگ نے اپنی فیس بک پوسٹ کے ذریعے تصدیق کی کہ جلد ہی ان کے پلیٹ فارم پر پیسوں کے عوض بلیو ٹک فراہم کرنے کے فیچر کا آغاز ہوجائے گا
انہوں نے اپنی مختصر پوسٹ میں بتایا کہ ابتدائی طور پر آئندہ ہفتے سے ماہانہ فیس کے عوض بلیو ٹک فراہم کرنے کے فیچر کا آغاز نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا سے ہوگا۔
فیس بک بانی نے بتایا کہ فیچر کے تحت اینڈرائیڈ صارفین ماہانہ تقریبا 12 امریکی ڈالر کے عوض بلیو ٹک حاصل کر سکیں گے۔
ان کے مطابق اسی طرح آئی او ایس اور ڈیسک ٹاپ صارفین ماہانہ تقریبا 15 امریکی ڈالر کے عوض بلیو ٹک حاصل کر سکیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ مذکورہ فیچر سبسکرائب کرنے کے لیے صارفین سے حکومت کی جانب سے فراہم کردہ شناختی کارڈ کی کاپی بھی مانگی جائے گی۔
مارک زکربرگ کا کہنا تھا کہ پیسوں کے عوض بلیو ٹک حاصل کرنے والے صارفین کو سیکیورٹی فیچرز سمیت دیگر اہم فیچرز تک بھی براہ راست رسائی ہوگی۔
اگرچہ انہوں نے تصدیق کی کہ ان کے پلیٹ فارم پر ماہانہ 12 سے 15 امریکی ڈالر کے عوض بلیو ٹک فراہم کیا جائے گا، تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ ایک ہی فیس کے عوض دونوں یعنی فیس بک اور انسٹاگرام پر بلیو ٹک مل سکے گا یا دونوں پلیٹ فارمز کے لیے الگ الگ فیس ادا کرنا ہوگی۔
تاہم امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ایک ہی فیس کے عوض دونوں پلیٹ فارمز پر بلیو ٹک حاصل کیا جا سکے گا۔