سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کی جانب سے ایک پیڈ سبسکرائپشن سروس ٹوئٹر بلیو متعارف کرانے پر غور کررہی ہے۔
مختلف ایپس کے نت نئے فیچرز قبل از وقت سامنے لانے والی ایپ ریسرچر جین مینچون وونگ نے اس بات کا انکشاف کیا۔
انہوں نے اس نئی سروس کے اسکرین شاٹ کو شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ اس کا رکن بننے کے لیے ماہانہ 2.99 ڈالرز خرچ کرنا ہوں گے۔
اس سروس میں مختلف فیچرز موجود ہوں گے جیسے ٹوئٹس کو کلیکشن میں سیو اور آرگنائز کرنے کی سہولت، جو کہ ٹوئٹر کے بک مارک فیچر کی نئی شکل ہے۔
اسی طرح ٹوئٹر بلیو میں ان ڈو ٹوئٹ بٹن بھی موجود ہوگا جو کہ جی میل کے ای میل بھیجنے کے عمل کو ان ڈو کرنے سے ملتا جلتا ہوگا۔
یعنی کچھ سیکنڈ یا منٹ کے اندر ٹوئٹ کو ان ڈو کیا جاسکے گا۔
ٹوئٹر کی جانب سے چند ماہ پہلے ایک پریمیئم سروس متعارف کرانے کا عندیہ دیا گیا تھا اور جنوری 2021 میں کمپنی نے ایک نیوز لیٹر کمپنی Revue کو بھی خرید لیا تھا۔
یہ سروس صارفین کو سبسکرائپشن ای میلز لکھنے اور شائع کرنے کی سہولت فراہم کرتی ہے۔
مئی کے شروع میں ٹوئٹر نے ایک اور کمپنی اسکرول کو خریدا تھا جو نیوز سائٹس پر اشتہارات کو ہٹاتی ہے۔
یہ دونوں کمپنیاں ابھی خودمختار کام کررہی ہیں مگر جین مینچون وونگ نے عندیہ دیا کہ ٹوئٹر بلیو میں کمپنی کی جانب سے ان سروسز کو شامل کیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ٹوئٹر کی جانب سے مختلف سبسکرائپشن پرائسنگ ماڈل پر بھی کام کیا جارہا ہے جن میں سے ایک میں دیگر سے زیادہ فیچرز ہوں گے۔
ٹوئٹر کی جانب سے آمدنی کے حصول کے متبادل ذرائع پر کام کیا جارہا ہے کیونکہ اس کے آمدنی کے بنیادی ذریعے اشتہارات کو مشکلات کا سامنا ہے۔
مئی کے شروع میں ایپل نے آئی فونز اور آئی پیڈز کے لیے ایک اپ ڈیٹ متعارف کراتے ہوئے ایک فیچر ایپ ٹریکنگ ٹرانسپیرنسی کو ان ایبل کیا تھا۔
اس فیچر کے تحت ایپس کو صارفین کی آن لائن سرگرمیوں کو اشتہارات کے لیے استعمال کرنے کی اجازت حاصل کرنا ہوگی۔