مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر ان دنوں متعدد فیچرز کی آزمائش کو جاری رکھے ہوئے ہے اور اب خبر سامنے آئی کہ ویب سائٹ پر مزید دو نئے فیچرز کی آزمائش بھی شروع کردی گئی۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ ’دی ورج‘ کے مطابق ٹوئٹر پر ایک ایسے فیچر کی آزمائش شروع کی جا رہی ہے، جس سے معلوم ہوسکے گا کسی بھی صارف کی ٹوئٹ کو کتنے افراد نے پڑھا یا دیکھا؟
اگرچہ اس وقت ٹوئٹ کو لائیک کرنے والے افراد کی تعداد صارف کو نظر آ جاتی ہے مگر نئے فیچر کے بعد اسے یہ بھی معلوم ہوجائے گا کہ اس کی ٹوئٹ کو کس نے دیکھا یا پڑھا مگر اس نے ٹوئٹ کو لائیک نہیں کیا۔
اس فیچر کے تحت ہر صارف کی ٹوئٹ پر آنکھ یا اس سے ملتا جلتا نشان نظر آئے گا، جسے کلک کرنے سے ٹوئٹ کو دیکھنے والے افراد کی تعداد معلوم ہوسکے گی۔
یہ واضح نہیں ہے کہ مذکورہ فیچر میں آنکھ کے نشان پر کلک کرنے سے ان افراد کے نام بھی سامنے آئیں گے یا نہیں، جنہوں نے ٹوئٹ کو دیکھا یا پڑھا ہوگا۔
علاوہ ازیں ٹوئٹر پر ایک اور مزیدار فیچر کی آزمائش شروع کردی گئی ہے، جس کے تحت صارفین کے پروفائل پر ’ویریفائڈ موبائل نمبر‘ کا لیبل نظر آئے گا۔
یہ فیچر ان افراد کے پروفائل پر بھی کام کرے گا جن کا اکاؤنٹ ویریفائڈ یعنی بلیو ٹک کے ساتھ نہیں ہوگا۔
اس فیچر کا مقصد صارف کی شناخت کو اصلی بنانے کی جانب ایک قدم کے طور پر لیا جا رہا ہے،یعنی اس سے ٹوئٹر ویریفائڈ موبائل نمبر کے حامل اکاؤنٹس کو بھی تصدیقی اکاؤنٹ میں شمار کرے گا۔
یہ واضح نہیں ہے کہ مذکورہ فیچر کے تحت ٹوئٹر کس طرح موبائل نمبر کی تصدیق کرے گا، تاہم امکان ہے کہ اس کے تحت ٹوئٹر تمام ممالک کی حکومتوں یا فون سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں سے اشتراک کرے گا۔
مذکورہ دونوں فیچرز کے علاوہ بھی ٹوئٹر پر اس وقت دیگر چند فیچرز کی آزمائش کی جا رہی ہے، جن تک محدود صارفین کو رسائی دی گئی ہے۔