ٹوئٹر صارفین کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ اب وہ الفاظ کی قید سے آزاد ہوگئے ہیں یعنی صارفین اب جتنی چاہے لمبی ٹوئٹس کرسکتے ہیں۔
ٹوئٹر نے اعلان کیا ہے کہ صارفین اب 4 ہزار ٖحروف پر مشتمل پوسٹ کرسکتے ہیں لیکن یہ سہولت ابھی صرف امریکا میں سبسکرپشن سروس ٹوئٹر بلیو کا حصہ بننے والے افراد کے لیے ہوگی۔
اس سے قبل ٹوئٹر صارفین صرف 280 حروف کا ہی استعمال کرسکتے تھے ، لمبی لمبی باتوں کو بیان کرنے کے لیے الگ الگ ٹوئٹس کی جاتی تھیں۔
تاہم اب حروف کی حد 4 ہزار تک بڑھا دی گئی ہے، ٹوئٹر کی جانب سے 280 سے زائد حروف کی ٹوئٹ کرکے اس کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔
ایک ماہ قبل کمپنی کے نئے مالک ایلون مسک نے ٖحروف کی حد بڑھانے کا عندیہ دیا تھا۔
دسمبر 2022 میں ایک ٹوئٹر صارف کی جانب سے ایلون مسک سے پوچھا گیا تھا کہ کیا ٹوئٹس کے لیے حروف کی حد 4 ہزار کی جارہی ہے یا نہیں، جس کے جواب میں ایلون مسک نے ہاں کہا تھا۔
طویل ٹوئٹس کا مظاہرہ
ٹوئٹر پر نئی تبدیلی کے بعد ایک ٹوئٹ میں آپ کے سامنے 280 حروف ہی ظاہر ہوں گے اور مکمل تحریر پڑھنے کے لیے شو مور (show more) پر کلک کرنا ہوگا، مثال کے طور پر نیچے دی گئی ٹوئٹ آپ دیکھ سکتے ہیں۔
اس کے بعد متعدد ٹوئٹر صارفین نے لمبی ٹوئٹ کرکےاس نئی تبدیلی کا مظاہرہ کیا، ایک ٹوئٹر صارف نے ٹوئٹ میں ایموجی کی طویل ٹوئٹ کی۔