پاکستان کی ورسٹائل اداکارہ بشریٰ انصاری نے ملک بھر میں ٹماٹر کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر دلچسپ تبصرہ کیا ہے۔
ملک میں مہنگائی روز بروز بڑھتی جارہی ہے اور دال سبزیوں کے بھاؤ آسمان سے باتیں کررہے ہیں جب کہ ٹماٹر کی قیمتوں کو تو پَر لگ گئے ہیں۔ ملک بھر میں کہیں ٹماٹر 250 تو کہیں 300 روپے فی کلو فروخت ہورہے ہیں، جس کے باعث ٹماٹر غریب عوام کی پہنچ سے دور ہوگئے ہیں۔
بشریٰ انصاری اس وقت پاکستان میں موجود نہیں ہیں لیکن پھر بھی وہ پاکستان سے غافل نہیں ہیں۔ بشریٰ انصاری نے انسٹاگرام پراپنی ایک تصویر پوسٹ کی جس میں وہ کسی یورپین ملک کے سب وے اسٹیشن پر کھڑی ہیں اور ساتھ ہی مزاحیہ انداز میں لکھا یہاں کسی کو خبر نہیں کہ ٹماٹر 250 روپے کلوہوگئے ہیں، پھر بھی دل ہے پاکستانی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز شنیرا اکرم نے ٹماٹر کی ہوشربا قیمت پر مزاحیہ ٹوئٹ کرکے حکومتی توجہ ملک میں جاری مہنگائی کی جانب کروائی تھی۔