ٹرین میں بیوی کیلیے سیٹ مانگنے والا شوہر مسافروں کے تشدد سے ہلاک


بھارت میں عدم برداشت کا ایک اور واقعہ سامنے آیا جہاں بیوی کے لیے ٹرین کی سیٹ مانگنے پر شوہر کو تشدد کرکے قتل کردیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کلیان کے 26 سالہ شہری ساگر مارکنڈ اپنی بیوی اور 2 سالہ بیٹی کے ہمراہ ٹرین میں سوار ہوئے جس کا جرنل کمپارٹمنٹ مکمل بھرا ہوا تھا۔

پولیس نے بتایا کہ ساگر مارکنڈ نے چند مسافر خواتین سے گزارش کی کہ ان کی بیوی کے لیے اتنی جگہ بنادیں کہ وہ اپنی بیٹی کو لے کر بیٹھ جائے، جیسے ہی ساگر نے خواتین سے درخواست کی تو وہ مشتعل ہوگئیں اور ان سے بد تمیزی پر اتر آئیں جس کے بعد خواتین نے دیگر مسافروں کے ساتھ مل کر 26 سالہ ساگر کو مُکے اور لاتیں مارنا شروع کردیں۔

اس دوران ساگر کی بیوی ان خواتین کو روکتی رہی لیکن مسافروں نے اس کی بات نا سنی اور کافی دیر تک ان کے شوہر کو تشدد کا نشانہ بنایا، ٹرین کے اسٹیشن پہنچنے پر پولیس نے ساگر کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا جہاں وہ دم توڑ گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے پر 10 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جن میں 6 خواتین بھی شامل ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں