ٹاک شو میں فردوس عاشق اور ارشاد بھٹی کے ایک دوسرے پر تابڑ توڑ حملے


کراچی: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان اور معروف تجزیہ کار ارشاد بھٹی کے درمیان جیو کے پروگرام رپورٹ کارڈ میں معمول سے ہٹ کر دلچسپ مکالمہ ہوا جس میں دونوں نے ایک دوسرے پر خوب تابڑ توڑ حملے کیے۔

ارشاد بھٹی نے فردوس عاشق اعوان سے سوال کیا کہ آپ بہت کامیاب سیاستدان ہیں کہ آصف زرداری کی ترجمان کے بعد عمران خان کی ترجمان بنیں، آپ ڈاکٹر بھی قابل ہیں تب ہی آپ کو پتا چلتا ہے کہ نہاری اور پائے کھانے والوں کے پلیٹ لیٹس کم نہیں ہوتے۔

انہوں نے کہا کہ  آپ سائنسدان بھی اچھی ہیں، تب ہی آپ کو پتا چلتا ہے کہ زلزلہ تبدیلی کی وجہ سے آیا کرتا ہے، آپ دلوں کے بھید بھی جانتی ہیں آپ کو پتا ہے کہ دو دو ٹکے کا بندہ کون ہے، آپ یہ اتنا سب کچھ مینیج کرلیتی ہیں؟

ارشاد بھٹی کے سوال کا جواب دیتے ہوئےفردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ارشاد بھٹی صاحب میں یہ سب اسی طرح مینیج کرلیتی ہوں جس طرح آپ کا سفر میریٹ سے شروع ہوتا ہے اور بیکری کی مارکیٹنگ کرتے ہوئے آپ صحافی بن جاتے ہیں اور پھر ایک اچھے بزنس مین کا روپ دھار لیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آپ (ارشاد بھٹی) نے جہاں میری اتنی تعریف بیان کی یہ بھی بتادیں کہ میرے 95 ہزار ووٹ میری طاقت ہیں، یہ بھی بتادیں کہ میں ایک سٹنگ اسپیکر کو ہرا کر پارلیمنٹ میں آئی تھی مجھ پر آصف زرداری کا کوئی احسان عظیم نہیں تھا، اگرآپ کو میری ذات سے مسئلہ ہے تو علیحدہ بیٹھ کر ایک دوسرے کی اچھائیاں بیان کریں گے، آپ کی یہ خواہش میں ضرور پوری کروں گی، کسی لائیو پروگرام میں آپ بھی آیئے گا میں بھی آؤں گی پھر پتا چل جائے گا عوام اور ملک کا درد کس کے دل میں ہے اور آپ کا درد کس کس کی جیب میں ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں