وی آئی پی پروٹوکول پر پابندی عائد، سول ایوی ایشن کی نئی ہدایات جاری


اسلام آباد: سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے وی آئی پیز کے پروٹوکول پر پابندی عائد کردی ہے۔

عالمی وبا کورونا وائرس کے پیشِ نظر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نیا ہدایت نامہ جاری  کیا ہے جس کے مطابق یہ پابندی اندرون ملک چارٹرڈ اور پرائیویٹ طیاروں کے مسافروں اور عملے پر بھی لاگو ہوگی۔

ہدایت نامے کے مطابق مسافر اور عملے کے علاوہ کسی شخص کو پارکنگ سے آگے نا جانے دیا جائے جب کہ ائیرپورٹ مینجر سماجی فاصلے کو یقینی بنائیں۔

سی اے اے کے ہدایت نامے کے مطابق بورڈنگ سے قبل جہاز میں جراثیم کش اسپرے، ماسک، گلوز اور حفاظتی سوٹ لازمی استعمال ہوگا۔

ہدایت نامے کے مطابق بورڈنگ سے قبل مسافروں کا ہیلتھ فارم پُر کرنا ائیرلائن کی ذمہ داری ہوگی جب کہ مسافر کا معائنہ کرنا محکمہ صحت کی ذمہ داری ہوگئی۔

جہاز میں کھانے پر مکمل پابندی ہوگی جب کہ دوران پرواز مسافروں کو ہر 30 منٹ بعد سینیٹائزر فراہم کیا جائے گا۔

دوسری جانب میڈیکل ایمرجنسی کے لیے جہاز میں ایک صف خالی رکھنی ہوگی  اور ایک سیٹ کے فاصلے سے مسافروں کو بٹھایا جائے جب کہ مسافروں کے سامان پر جراثیم کش اسپرے کرنا لازم ہوگا۔

سول ایوی ایشن کے ہدایت نامے کے مطابق دوران پرواز ماسک پہننا لازمی ہوگا جب کہ مسافر میں کورونا علامات کی صورت میں مکمل چیک اپ اور قرنطینہ کیا جائے گا۔

سول ایوی ایشن کا ہدایت نامہ 31 اگست تک کارآمد ہوگا۔


اپنا تبصرہ لکھیں