واشنگٹن:
گوگل اور فیس بک نے دفتر میں داخل ہونے کے لیے ملازمین پر ویکسین لگوانا ضروری قرار دیدیا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا کی سب سے بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں گوگل اور فیس بک نے اپنے ملازمین کے لیے کورونا ویکسین لگوانا لازمی قرار دیدیا ہے اور جو ملازمین ویکسین نہیں لگوائیں گے انھیں دفتر میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔
گوگل اور فیس بک نے اپنی ویکسینیشن مہم کو دوسرے ممالک میں بڑھانے کا بھی منصوبہ بنا رہے ہیں اسی طرح ایپل اور اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس نے بھی عملے کی حاضری ویکسینیشن سے مشروط کردی۔
امریکا میں کورونا ویکسینیشن کامیابی سے جاری ہے اور کافی حد تک وبا پر قابو پالیا گیا تھا تاہم کورونا کی نئی بھارتی قسم ڈیلٹا کے تیزی سے پھیلاؤ کے باعث نئے کیسز میں اضافہ ہوا ہے۔
کورونا وبا کے پھیلاؤ کو دیکھتے ہوئے امریکی کمپنیوں نے اپنے ملازمین کو ویکسین لگانے کا پابند کردیا ہے اور یہ سلسلہ اب دوسرے ممالک میں بھی شروع ہوگیا ہے۔