ویوو نے اپنا نیا اسمارٹ فون ایس 7 ٹی متعارف کرایا ہے۔
نام سے ہی عندیہ ملتا ہے کہ یہ ویوو ایس 7 کی سیریز کا ہے اور اس سے کافی حد تک ملتا جلتا ہے، تاہم پراسیسر مختلف ہے۔
اس نئے فون میں کوالکوم اسنیپ ڈراگون 765 جی کی بجائے میڈیا ٹیک کا ڈیمینسٹی 820 پراسیسر دیا گیا ہے۔
فون میں 6.44 انچ کا امولیڈ ڈسپلے موجود ہے جبکہ اینڈرائیڈ 11 آپریٹنگ سسٹم کا امتزاج کمپنی نے اپنے اوریجن او ایس سے کیا ہے۔
فون کے اندر 8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج دی گئی ہے۔
اسی طرح 4000 ایم اے ایچ بیٹری 33 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ کے ساتھ ہے۔
ویوو ایس 7 ٹی کے فرنٹ پر ڈوئل جبکہ بیک پر 3 کیمروں کا سیٹ اپ دیا گیا ہے۔
فون کے فرنٹ پر 44 میگا پکسل سیلفی کیمرے کے ساتھ 8 میگا پکسل الٹرا وائیڈ کیمرا موجود ہے۔
فون کے بیک پر 64 میگا پکسل مین کیمرا موجود ہے جس سکے ساتھ 8 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اور 2 میگا پکسل ڈیپتھ کیمرے دیئے گئے ہیں۔
ڈوئل ایل ای ڈی، ڈوئل ٹون فلیش، ایچ ڈی آر اور پینوراما سپورٹ کیمرا سیٹ اپ کا حصہ ہے۔
فون میں موجود پراسیسر کوالکوم کے پراسیسر سے زیادہ طاقتور ہے تاہم ویوو نے اس کی قیمت ایس 7 جتنی ہی رکھی ہے۔
ویوو ایس 7 ٹی کو چین میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے اور اس کی قیمت 2598 یوآن (64 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) رکھی گئی ہے۔
یہ فون 2 رنگوں میں دستیاب ہوگا اور چین میں فی الحال پری آرڈر میں دستیاب ہے۔