ویوو کے نئے فلیگ شپ ایکس 70 سیریز کے نئے فونز 9ستمبر کو متعارف کرائے جائیں گے۔
یہ اس کمپنی کے اولین فونز ہوں گے جن میں نئی امیجنگ چپ وی 1 کو استعمال کیا جائے گا۔
ویوو کے نائب صدر اور سی او او ہو بائیشیان نے تصدیق کی ہے کہ ایکس 70 سیریز میں کمپنی کی پہلی آئی ایس پی چپ وی 1 موجود ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ وی 1 مکمل کسٹمائز سرکٹ چپ ہے جو امیجنگ اور ویڈیو ایپس کے لیے ہوگی جو بہترین معیار فراہم کرے گی۔
کمپنی کے مطابق اس چپ کی تیاری پر لگ بھگ 2 سال سے کام کیا جارہا تھا مگر اس کے بارے میں مزید تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔
ویوو کے ایکس 70 سیریز کو 9 ستمبر کو سب سے پہلے چین میں متعارف کرایا جائے گا۔
مختلف لیکس کے مطابق یہ سیریز ایکس 70، ایکس 70 پرو اور ایکس 70 پرو پلس پر مشتمل ہوگی جن میں 2K E5 ڈسپلے دیا جائے گا۔
ویوو ایکس 70 پرو پلس کے بیک پر 4 کیمروں کا سیٹ اپ ہوگا جس میں مین کیمرا 50 میگا پکسل کا ہوگا جس کے ساتھ 48 میگا پکسل، 12 میگا پکسل اور 8 میگا پکسل کیمرے موجود ہوں گے۔
اس کیمرا سیٹ اپ میں 5 ایکس آپٹیکل زوم کی سہولت موجود ہوگی جبکہ 8K ویڈیو ریکارڈنگ کی جاسکے گی۔
فون کے فرنٹ پر 32 میگا پکسل کیمرا ہوگا جبکہ 4430 ایم اے ایچ بیٹری ہوگی۔
ویوو ایکس 70 اور ایکس 70 پرو میں میڈیا ٹیک کا ڈیمینسٹی 1200 پراسیسر موجود ہوگا۔
ایکس 70 میں 6.5 انچ کا فلیٹ امولیڈ ڈسپلے جبکہ پرو ماڈل میں 6.56 انچ کا خم ایجز والا امولیڈ ڈسپلے دیا جائے گا۔
ویوو ایکس 70 پرو پلس میں 6.7 انچ کا بڑا ڈسپلے 120 ہرٹز ریفریش ریٹ کے ساتھ ہوگا جبکہ کواکوم کے اسنیپ ڈراگون 888 سے لیس ہوگا۔
ویوو کی جانب سے عالمی سطح پر ایکس 70 سیریز کے فونز 10 ستمبر کو متعارف کرائے جائیں گے۔