آج 14فروری ہے جسے عام طور پر ‘ویلنٹائن ڈے’ بھی کہا جاتا ہے، بعض لوگ اس دن کو اپنے محبوب سے محبت کے اظہار کے لیے وقف کردیتے ہیں تو کئی لوگوں کے لیے یہ دن بھی عام دنوں کی طرح ایک مصروف دن ہوتا ہے تاہم بہت کم لوگ یہ جانتے ہیں کہ 14 فروری کو ایک اور دن بھی منایا جاتا ہے۔
جی ہاں، سائنس کے شوقین افراد بھی کم سے کم گزشتہ 3 دہائیوں سے ہر سال 14 فروری کے لیے بہت پرجوش ہوتے ہیں کیوں کہ سائنس سے وابستہ افراد ہر سال اس دن ‘ہلکے نیلے نقطے’ سالگرہ منا رہے ہوتے ہیں، عام افراد کو سننے میں یہ بات بہت عجیب لگے گی تاہم اس کا تصور ہی دماغ کے دریچوں کو کھولنے کے لیے کافی ہے۔
سائنس کے شوقین افراد یہ جانتے ہیں کہ انسانوں کی بنائی گئی کل 3 خلائی گاڑیاں ایسی ہیں کہ جن میں سے 2 ہمارے نظام شمسی سے باہر جا چکی ہیں اور تیسری نظام شمسی کے کنارے پر ہے، یہ خلائی گاڑیاں وائجر ون، وائجر ٹو اور نیو ہورائیزن ہیں، ان تینوں نے اپنی اپنی منزلیں طے کیں اور ہمیں نظام شمسی کے بیرونی سیاروں، جن میں مشتری، زحل، یورینس اور نیپچون اور بونا سیارہ پلوٹو شامل ہے کے بارے میں معلومات فراہم کی لیکن وائجر ون خلائی گاڑی نے وہ کارنامہ کر دکھایا جس کا آج تک ہر سائنسی اور فلسفی محفل میں ذکر کیا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کیا زمین کے علاوہ نظام شمسی میں زندگی کی دریافت ممکن ہے؟
ہوا کچھ یوں کہ 1990 کے آغاز میں مشہور فلکیات دان ڈاکٹر کارل سیگان جو کہ امریکی خلائی ادارے ناسا کے ابتدائی دنوں میں مشیر بھی رہ چکے ہیں انہوں نے مشورہ دیا کہ وائجر ون خلائی گاڑی جو اس وقت سیارہ نیپچون کے مدار سے آگے جا چکی تھی کا رخ زمین کی طرف کیا جائے اور تقریباً 6 ارب کلومیٹر کی دوری سے نظام شمسی کی ایک تصویر لی جائے۔
یوں 14 فروری 1990 کو ناسا کی طرف سے وائجر ون خلائی گاڑی کو کیمرے اسٹارٹ کرنے کا پیغام بھیجا گیا اور معیاری وقت کے مطابق 14 فروری 1990 کو پاکستانی وقت کے مطابق صبح 9 بج کر 38 منٹ پر وائجر ون نے نظام شمسی کے مرکز کی طرف اپنا رخ کیا اور ایک تاریخی تصویر کھینچی جس میں سورج کی روشنی میں یہ مدھم نیلا نقطہ معلق تھا جس پر اس وقت تقریباً 5 ارب انسان اپنی روز مرہ زندگی میں مشغول تھے۔
چونکہ آج تک کوئی انسان اتنی دور نہ گیا اور نہ ہی مستقبل قریب میں جاسکے گا تو اس مقام سے تمام انسانیت کو چھوٹے سے نقطے میں قید دیکھنا ہم انسانوں کو اس کائنات میں اپنی وقعت کا احساس دلاتا ہے، آج وائجر ون کو اس تصویر کو کھینچے 30 سال ہوگئے اور یہ خلائی گاڑی اب ‘انٹرسٹیلر اسپیس’ یعنی ستاروں کے بیچ کی خلا میں موجود ہے۔
14 فروری 2020 سے لے کر 20 فروری 2020 تک دنیا میں جگہ جگہ اس نقطے کی 30 ویں سالگرہ پر فلکیاتی تقریبات منعقد ہورہی ہیں جن میں لوگوں کو فلکیات کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ دوربینوں سے آسمان کا مشاہدہ بھی کروایا جائے گا۔
مزید پڑھیں: بلیک ہول کی پہلی تصویر کی اتنی اہمیت کیوں ہے؟
اس تصویر میں سورج کی تیز روشنی میں چھپے اس مدھم نیلے نقطے کے پیچھے چھپی پوری داستان کارل سیگان نے1994 میں شائع ہونے والی اپنی کتاب میں بیان کی جس کا عنوان “مدھم نیلا نقطہ: خلا میں انسانی مستقبل کا نظارہ” تھا، اس کتاب میں انہوں نے نہایت خوبصورتی سے انسانیت اور انسانی سوچ کا نقشہ کھینچا ہے کہ پڑھنے والا حیران رہ جاتا ہے۔
نظام شمسی کے کنارے سے زمین کی جو تصویر وائجر ون خلائی گاڑی نے بھیجی اس میں زمین کا حجم ایک پکسل (تصویر کا اکائی) سے بھی کم تھا اگر ہم اس تصویر پر غور کرنا شروع کریں تو سوچ کا پورا سمندر امڈ آئے گا کیونکہ یہ نقطہ وہی جگہ ہے جہاں ہر وہ شخص گزرا ہے جسے آپ نے تاریخ میں پڑھا یا آپ حقیقت میں ملے۔
اسی نقطے میں ہی بہت سے بادشاہوں نے اپنے غلاموں پر ظلم کی انتہا کی، یہیں بہت سے محبت کرنے والوں کو سنگسار کردیا گیا اور اسی نقطے کے چھوٹے سے حصے کے لیے بہت سے قبائل نے ایک دوسرے کی خون ریزی کی اور یہیں بہت سے مذاھب وجود میں آئے اور ادھر ہی حکومتیں بنی بھی اور کرپشن بھی ہوئی، مختصراً یہ کہ ہم انسان اس زمین پر تقریباً 2 لاکھ سال سے موجود ہیں لیکن ابھی تک ترقی کی اس منزل تک ہی پہنچے ہیں جہاں ساڑھے 7 ارب لوگوں میں سے صرف 12 لوگ ہی چاند سے ہو کر آئے ہیں۔
یہ سب پڑھنے کے بعد انسان یہ سوچنے پر مجبور ہوجاتا ہے کہ اس کائنات میں تو دور اس دنیا میں ہماری حیثیت کس قدر کم ہے لیکن اس کے باوجود ہم میں سے بہت سے لوگ ‘خدا’ بنے پھرتے ہیں۔
یہ سچ ہے کہ ہم انسان اس کائنات میں انتہائی چھوٹے تو ہیں لیکن ہماری سوچ ہمیں ستاروں سے آگے لے جاسکتی ہے لہذا ہمیں چاہیے کہ دوسروں پر اپنا رعب دکھانے کی بجائے اپنی عقل کے گھوڑوں کو دوڑائیں اور اپنے معاشرے میں ایک مثبت سوچ پیدا کریں۔
سید منیب علی نیشنل سائنس ایوارڈ یافتہ سائنس رائیٹر ہیں اور ان کی کتاب “کائنات – ایک راز” اردو سائنس بورڈ کے زیرِطبع ہے۔ آپ اسٹروبائیولوجی نیٹ ورک آف پاکستان کے جنرل سیکرٹری ہیں۔ انہیں علم فلکیات کا بہت شوق ہے اور اس کے موضوعات پر لکھنا ان کا من پسند مشغلہ ہے۔ ان سے muneeb227@gmail.com پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔انہیں ٹوئٹر پر فالو کریں @muneeb227][18
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دیئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔