ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ میں عامر کیلئے کون پریشان تھا؟


ویسٹ انڈیز کے خلاف ورلڈ کپ کے میچ کے دوران قومی ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر کی اہلیہ نرجس اپنے شوہر کے لیے مسلسل دعائیں کرتی رہیں۔

ٹرینٹ برج ناٹنگھم پر 31 مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ورلڈ کپ میچ میں بائیں ہاتھ کے تیز بولر محمد عامر کی اہلیہ نرجس اور ان کی ننھی بیٹی  ’’ہاسپٹیلٹی‘‘ باکس میں موجو د تھے جہاں پی سی بی کے کچھ مہمانوں کے ساتھ سابق چئیرمین پی سی بی شہریار خان کی اہلیہ اور وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود بھی موجود تھے۔

البتہ جہاں دیگر لوگ میچ دیکھنے کے ساتھ آپس میں گفتگو کر رہے تھے، 27 سالہ فاسٹ بولر محمد عامر کی اہلیہ ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ کے دوران مسلسل دعا کر رہی تھیں، بالخصوص محمد عامر کی بولنگ کے دوران ان کی نگاہیں میدان کے وسط میں مرکوز تھیں جہاں ان کے شوہر دوڑ رہے تھے۔

محمد عامر کی اہلیہ کو بھی اس بات کا شدت سے اندازہ تھا کہ ان کے شوہر کے لئے اس میچ کی کیا اہمیت ہے اور جب ان کے شوہر نے میچ میں 3/26کی پرفارمنس پیش کی تو قریب بیٹھے افراد کا کہنا تھا کہ نرجس عامر کے چہرے پر خاصا اطمینان تھا۔

ورلڈ کپ کے پہلے مقابلے میں اگرچہ ٹیم پاکستان کو سات وکٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تاہم محمد عامر کی بولنگ فارم میں واپسی کو قومی ٹیم کے لئے مثبت پہلو کہا جا رہا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں