ویسٹ انڈیز نے 21 سال پرانی تاریخ دہرا دی

ویسٹ انڈیز نے 21 سال پرانی تاریخ دہرا دی


کنگسٹن: 

پاکستان کیخلاف ٹیسٹ ایک وکٹ سے جیت کرویسٹ انڈیز نے 21 سال پرانی تاریخ دہرا دی۔

ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں ایک وکٹ سے فتح حاصل کی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ گذشتہ 84 طویل فارمیٹ کے میچز میں اتنے سنسنی خیز نتیجے کا یہ تیسرا موقع ہے،اس سے قبل2346 ٹیسٹ میچز میں صرف 12 مواقع پر ٹیموں نے اس مارجن سے فتح سمیٹی۔

کیریبیئن سائیڈ نے اپنی ٹیسٹ تاریخ میں تیسری مرتبہ ایک وکٹ سے فتح کا کارنامہ انجام دیا، ان میں سے 2 بار پاکستان نے اسے یہ موقع فراہم کیا، 2000 کے اینٹیگا ٹیسٹ میں بھی گرین کیپس کو ایک وکٹ سے مات ہوئی تھی، 1999 میں کیریبیئن ٹیم نے آسٹریلیا کو اس مارجن سے زیر کیا تھا۔

دوسری جانب پاکستان کے عمران بٹ نے منفرد اعزاز حاصل کر لیا، ٹیسٹ کرکٹ کی 144 سالہ تاریخ میں اب تک صرف 2 فیلڈرز ہی اپنے ابتدائی 5 میچز میں 15 کیچز تھامے ہیں، ان میں ایک جیک گریگوری نے 1920 میں ڈیبیو کیا اور ان کے 100 برس بعد 2021 میں کیریئر شروع کرنے والے عمران بٹ نے بھی یہ کارنامہ انجام دے دیا۔

اسی طرح19 سالہ جیڈن سیلس نے ٹیسٹ کرکٹ میں مین آف دی میچ ایوارڈ حاصل کرنے والے ویسٹ انڈیز کے کم عمر ترین کرکٹر کا بھی اعزاز اپنے نام کرلیا۔ اسی مقابلے میں انھوں نے کیریبیئن سائیڈ کی جانب سے اننگز میں 5 وکٹیں لینے والے کم عمر ترین ویسٹ انڈین بولر کا کارنامہ انجام دیا تھا۔


اپنا تبصرہ لکھیں