بھارتی ریاست مدھیا پردیش کے ایک زرعی تحقیقی سینٹر نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ‘گرلڈ چکن’ کے بجائے ‘کڑک ناتھ چکن’ کھائیں۔
واضح رہے کہ گذشتہ برس گوراو کپور کے ایک یوٹیوب شو ‘بریک فاسٹ وِد چیمپیئن’ میں ویرات کوہلی نے انکشاف کیا تھا کہ وہ دوپہر کے کھانے میں گرلڈ چکن اور میشڈ پوٹاٹوز (میش کیے گئے آلو) کھانے کو ترجیح دیتے ہیں۔
شاید اسی انٹرویو کو سننے کے بعد مدھیا پردیش کے زرعی تحقیقی سینٹر کرشی وگیان کیندر نے بھارتی کرکٹ بورڈ اور ویرات کوہلی کے نام ایک خط لکھ ڈالا۔
اپنے خط میں سینٹر نے لکھا کہ ‘میڈیا رپورٹس سے معلوم ہوا ہے کہ ویرات کوہلی اور ٹیم کے دیگر کھلاڑی گرلڈ چکن کھاتے ہیں، لیکن اس میں کولیسٹرول اور فیٹس کی زیادتی کی وجہ سے آپ اس کا استعمال ترک کردیں’۔
سینٹر نے مزید لکھا کہ ‘کڑک ناتھ چکن میں کولیسٹرول اور فیٹس کی مقدار کم اور پروٹین اور آئرن کی خصوصیات زیادہ ہوتی ہیں، لہذا آپ اور ٹیم کے ارکان اپنی چکن کی ضروریات کڑک ناتھ چکن کے ذریعے پوری کریں’۔
واضح رہے کہ کڑک ناتھ چکن مدھیاپردیش کے ضلع جھابوا اور آس پاس کے علاقوں میں پائی جانے والی خاص قسم کی مرغی ہے، جسے مقامی طور پر ‘کالی ماسی’ کہا جاتا ہے۔
کولیسٹرول اور فیٹس کی کم مقدار کی وجہ سے اس کی بہت زیادہ مانگ ہے۔
30 جولائی 2018 کو کڑک ناتھ چکن کو بھارتی حکومت کی جانب سے جیوگرافیکل انڈیکیشن (جی آئی) ٹیگ بھی دیا گیا۔ واضح رہے کہ یہ واحد جانور ہے جسے بھارت میں جی آئی ٹیگ دیا گیا ہے۔
دوسری جانب اگر ویرات کوہلی کی بات کریں تو وہ ان دنوں آسٹریلیا میں اپنی ٹیم کی نمائندگی کر رہے ہیں، جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان 4 ٹیسٹ میچوں کی سیریز جاری ہے، جس کے بعد بھارت اور آسٹریلیا 3 ون ڈے میچوں کی سیریز میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گے۔