ویب سیریز کے مواد پر تنقید: کیا فہد مصطفیٰ کی ‘ٹائمنگ’ غلط تھی؟


ہمارے شوبز اسٹارز اکثر و بیشتر مختلف موضوعات پر بات کرتے نظر آتے ہیں، جن میں سے اکثر کے موقف کو درست تسلیم کیا جاتا ہے اور متعدد کو تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے، ایسا ہی کچھ اداکار، میزبان اور پروڈیوسر فہد مصطفیٰ کے ساتھ بھی ہوا، جنہوں نے حال ہی میں ویب سیریز کے ٹرینڈ پر بات کرتے ہوئے ان میں دکھائے جانے والے بولڈ مواد پر تنقید کی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کسی بھی ویب سیریز کا نام لیے بغیر فہد مصطفیٰ نے لکھا، ‘عریانیت، خراب زبان اور محض جنسی تعلقات کے بارے میں بات کرنا مواد نہیں ہے، اسے آزادی اظہار رائے کا نام مت دیں! اس طرح سے اپنے آپ کو فروخت کرنے والے اداکار بالکل بھی اچھا نہیں کر رہے’۔

ساتھ ہی انہوں نے مشورہ دیا کہ ‘ویب سیریز اور مختصر فلموں کو تھوڑے وقار کا مظاہرہ کرنا چاہیے یا پھر انہیں اسے پورن (فحش مواد) کا نام دے دینا چاہیے۔’

اب فہد مصطفیٰ نے تو اپنے خیالات کا اظہار کردیا، لیکن اس کے بعد خود ان پر ہی تنقید شروع ہوگئی اور لوگوں نے انہیں یاد دلایا کہ فلم ‘نامعلوم افراد’ میں مہوش حیات کے ساتھ انہوں نے بھی کچھ بولڈ مناظر فلمائے تھے۔

دوسری جانب کچھ لوگوں کو شاید یہ بھی لگا کہ انہوں نے اپنی مذکورہ ٹوئیٹ میں ڈھکے چھپے الفاظ میں پروڈیوسر و ڈائریکٹر وجاہت رؤف کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے، جن کی ویب سیریز ‘عنایہ’ کا آغاز 21 جنوری سے ہوا ہے اور جس کی کاسٹ میں مہوش حیات اور اظفر رحمان کے ساتھ ساتھ اسد صدیقی اور فریال بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ اس ویب سیریز کی کہانی ’عنایہ‘ (مہوش حیات) نامی ایک لڑکی کے گرد گھومتی ہے، یہ ایک کالج کے دوستوں کی کہانی ہے، جن کا ایک میوزک بینڈ ہے اور جب یہ بینڈ مشکل کا شکار ہوگا تو عنایہ (مہوش حیات) لیڈ سنگر کے طور پر اس کو سہارا دیتی ہیں۔

تاہم کئی مواقعوں پر اس سیریز میں بولڈ ڈائیلاگز سننے کو ملے جبکہ اداکاروں کے ملبوسات بھی کچھ بولڈ نظر آئے۔

اب وجاہت رؤف نے فہد مصطفیٰ کی ٹوئیٹ کو ‘دل پر لیا’ یا کسی اور نے ان سے کچھ کہا، لیکن فہد نے اپنی پہلی ٹوئیٹ کے تاثر کو زائل کرنے کے لیے ایک اور ٹوئیٹ کرڈالی اور وہ بھی خالصتاً وجاہت رؤف کے لیے۔

فہد مصطفیٰ نے لکھا، ‘وجاہت رؤف، مجھے آپ سے محبت ہے اور آپ یہ بات جانتے ہیں۔ میری ٹوئیٹ غیر ملکی ویب سیریز کے لیے تھی، آپ کے لیے نہیں۔ لوگ بس بات کا بتنگڑ بنا رہے ہیں۔’

ساتھ ہی انہوں نے وجاہت رؤف کی آنے والی فلم اور ان کے مستقبل کے پروجیکٹس کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

تاہم لوگوں نے اس ٹوئیٹ پر بھی فہد مصطفیٰ کو نہیں بخشا اور طنز کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے وجاہت رؤف کو ‘مکھن’ لگاتے ہوئے اپنی بات کو بہت اچھے طریقے سے ‘کور’ کیا ہے۔

ایک صارف نے خیال ظاہر کیا کہ شاید فہد مصطفیٰ نے صحیح بات، غلط وقت پر کردی، یا دوسرے الفاظ میں ان کی ‘ٹائمنگ’ غلط ہوگئی۔

اب فہد مصطفیٰ کس بارے میں بات کر رہے تھے، یہ تو وہی بہتر بتا سکیں گے، لیکن واقعی کیا ان کی ٹائمنگ غلط تھی، آپ کا کیا خیال ہے؟


اپنا تبصرہ لکھیں