پاکستان میں ویب سیریز کا تیزی سے رجحان بڑھتا جارہا ہے اور ڈائریکٹر وجاہت رؤف کی ’عنایا‘ کے بعد ڈائریکٹر مہرین جبار کی ’ایک جھوٹی لو اسٹوری‘ منظر عام پر آنے کو تیار ہے۔
مہرین جبار کی ہدایت کاری میں بننے والی ویب سیریز ’ ایک جھوٹی لو اسٹوری‘ کی عکس بندی مکمل ہوچکی ہے جس کا اسکرپٹ نامور مصنفہ عمیرہ احمد نے لکھا ہے۔
ویب سیریز ’ ایک جھوٹی لو اسٹوری‘ میں مرکزی کردار اداکار بلال عباس خان اور اداکارہ مدیحہ امام نبھا رہے ہیں اور دونوں اداکاروں کی یہ پہلی ویب سیریز ہے۔
ویب سیریز کی کاسٹ میں محمد احمد، بیو ظفر، فرقان صدیقی، مریم سلیم، کنزہ رزاق اور کرن حق بھی شامل ہیں۔
’ایک جھوٹی لو اسٹوری‘ سادہ، رومانوی اور انٹرٹینمنٹ سے بھرپور کراچی کے دو متوسط گھرانوں کی کہانی ہے، جس کی عکس بندی کراچی سمیت خوبصورت پہاڑی علاقے مری میں کی گئی ہے۔
اپنے کردار کے حوالے سے بلال عباس خان کا کہنا تھا کہ وہ ویب سیریز میں کراچی کے ایک روایتی لڑکے کا کردار نبھا رہے ہیں جس میں اس کے عام سے خواب ہیں جیسے سب کے ہوتے ہیں۔
عکس بندی کے اختتام کے بعد پوری ٹیم نے تصاویر بھی بنوائیں جو سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ہیں۔
مداحوں کی جانب سے ویب سیریز کا بے صبری سے انتظار کیا جارہا ہے تاہم سیریز کے منظر عام پر آنے کی حتمی تاریخ کا اعلان اب تک نہیں کیا گیا اور امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ رواں ماہ کے اختتام تک پہلی قسط ریلیز کردی جائے گی