وہ کمپنی جس نے ایک سال بعد سام سنگ سے دنیا کی نمبرون کمپنی کا اعزاز چھین لیا

وہ کمپنی جس نے ایک سال بعد سام سنگ سے دنیا کی نمبرون کمپنی کا اعزاز چھین لیا


2021 کی آخری سہ ماہی کے دوران آئی فونز کی مانگ بہت زیادہ بڑھنے کے نتیجے میں ایپل نے ایک سال بعد سام سنگ سے نمبرون پوزیشن کو چھین لیا ہے۔

اسمارٹ فونز کی فروخت پر نظر رکھنے والی کمپنی کینالز کے مطابق اکتوبر سے دسمبر 2021 کے دوران ایپل نے دیگر کمپنیوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ اسمارٹ فونز فروخت کیے۔

اس سے قبل2021 کی تیسری سہ ماہی میں ایپل نے شیاؤمی کو نیچے دھکیل کر دوسری پوزیشن پر قبضہ جمایا تھا اور اب سام سنگ کو پیچھے چھوڑ کر نمبرون کمپنی بن گئی ہے۔

یہ سب آئی فون 13 سیریز کی زبردست مانگ کا نتیجہ ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس عرصے میں آئی فون کی چین میں فروخت کی مثال نہیں ملتی وہ بھی اس وقت جب ایپل کی سپلائی چین طلب کے مطابق آئی فونز تیار کرنے سے قاصر ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ چپ کمپنیوں کو اپنی پیداواری صلاحیت کو بڑھانے میں کئی برس لگ سکتے ہیں۔

سام سنگ جنوری سے ستمبر 2021 تک دنیا کی نمبرون کمپنی رہی مگر آخری سہ ماہی میں ایپل نے ایک بار پھر نمبرون کمپنی بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

اس کی ایک بڑی وجہ ستمبر میں نئے آئی فونز کو متعارف کرانا ہے جس سے کمپنی کی ڈٰوائسز کی فروخت بڑھ جاتی ہے۔

اکتوبر سے دسمبر 2021 کے دوران ایپل کا مارکیٹ شیئر 22 فیصد رہا جبکہ سام سنگ نے 20 فیصد شیئر کے ساتھ دوسرا نمبر حاصل کیا۔

شیاؤمی، اوپو اور ویویو بالترتیب تیسرے، چوتھے اور 5 ویں نمبر پر رہے جن کا مارکیٹ شیئر 12، 9 اور 8 فیصد رہا۔

رپورٹ کے مطابق سپلائی چین کے مسائل کے باعث اسمارٹ فونز کی فروخت میں 2020 کی آخری سہ ماہی کے مقابلے میں محض ایک فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ پرزہ جات کا یہ بحران 2022 کی دوسری ششماہی کے دوران حل ہوسکے گا۔


اپنا تبصرہ لکھیں