پاکستانی شوبز انڈسٹری میں منفرد شہرت رکھنے والے اداکار و میزبان حمزہ علی عباسی نے اداکار وہاج علی کو فلم انڈسٹری کا اگلا سُپر اسٹار قرار دے دیا۔
جیو ٹی وی کے بلاک بسٹر ڈرامہ سیریل ’تیرے بن‘ سے شہرت کے آسمان کا چمکتا ہوا ستارا بننے والے اداکار وہاج علی کے چرچے آج کل زبان زد عام ہیں۔
حال ہی میں ریلیز ہونے والی 3 کہانیوں پر مبنی فلم ’تیری میری کہانیاں‘ سے فلم میں ڈیبیو کرنے والے اداکار وہاج علی کا فلم میں کام سب کو پسند آ رہا ہے۔
لاہور میں منعقدہ مذکورہ فلم کے پریمیئر میں شریک اداکار حمزہ علی عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وہاج علی کو فلم انڈسٹری کا اُبھرتا ہوا ستارا قرار دیا اور کہا کہ وہاج علی مکمل پیکج ہے جس کی انڈسٹری کو ضرورت تھی۔
اداکار نے وہاج علی کے ساتھ ایک ایکشن فلم میں کام کرنے سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’بالکل، میں ان کے ساتھ کام کرنا پسند کروں گا، ہمیں بہت سے نئے سپر اسٹارز کی ضرورت تھی اور مجھے لگتا ہے کہ وہاج علی فلم انڈسٹری میں بہت اچھا اضافہ ہیں کیونکہ ان کی شخصیت میں سب کچھ ہے وہ ایک مکمل پیکج ہے جس میں ٹیلنٹ، پرسنلٹی اور انداز ہے، ہماری فلم انڈسٹری ایسے اسٹار کے لیے ترس رہی تھی، بلاشبہ وہاج علی تمام تعریفوں کے مستحق ہیں‘۔