بالی ووڈ کے معروف اداکار وکی کوشل نے بتایا ہے کہ اُنہیں اپنی زندگی کے مشکل دور سے نکلنے کی ہمت کیسے ملی۔
وکی کوشل کا شمار اب بھارتی فلم انڈسٹری کے کامیاب ترین اداکاروں میں ہوتا ہے لیکن پر انسان کی کامیابی کے پیچھے بہت محنت، ہمت اور جدوجہد لازمی ہوتی ہے۔
اُنہوں نے حال ہی میں اپنے ایک انٹرویو میں بتایا ہے کہ مجھے کچھ ایسی جگہوں کے بارے میں علم تھا جہاں آڈیشن ہوتے تھے اس کے علاوہ کچھ ایسی ایڈ ایجنسیز کے دفاتر کے بارے میں بھی جانتا تھا جہاں کاسٹنگ ڈائریکٹرز اور فلم سازوں کے دفاتر تھے۔
اُنہوں نے بتایا کہ میں اس وقت یہ نہیں جانتا تھا کہ میں کیا کروں گا لیکن میں یہ جانتا تھا کہ میں صرف وہاں جاؤں گا، لوگوں سے ملوں گا، انہیں بتاؤں گا کہ میں اداکار بننا چاہتا ہوں اور آڈیشن دوں گا
وکی کوشل نے بتایا کہ مجھے یقین تھا کہ میں یوں گھر پر نہیں بیٹھوں گا کیونکہ اس طرح تو مجھے کام نہیں مل سکتا تھا۔
اُنہوں نے بتایا کہ جدو جہد سے بھرپور زندگی کے اس وقت میں جب بھی میں مایوس ہوتا تھا تو میری والدہ ہمیشہ میری ہمت بڑھاتی تھیں۔
وکی کوشل نے اپنی والدہ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں مجھے سے ہمیشہ یہ کہا کہ یہ جاننا آپ کا کام نہیں ہے کہ کوئی بھی کام آپ کی زندگی میں کیسے ہونے والا ہے، آپ کا کام صرف اس بات پر یقین رکھنا ہے کہ یہ کام ہو گا، اب کیسے ہو گا، یہ خدا کا کام ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ میری والدہ نے یہ بات صرف مجھے دلاسا دینے کے لیے کہی لیکن والدہ کی اس بات نے مجھے اس وقت بہت طاقت اور ہمت دی۔
واضح رہے کہ وکی کوشل نے بالی ووڈ میں 2015ء میں فلم ’مسان‘ سے ڈیبیو کیا اور انہوں نے اپنی 2018ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’رازی‘ سے شہرت حاصل کی جس میں اُنہوں نے اداکارہ عالیہ بھٹ کے ہمراہ اسکرین پر اپنی زبردست اداکاری کے جوہر دکھائے۔