ون ڈے کپتان کا تاج بابر اعظم کے سر سج گیا


لاہور: ون ڈے ٹیم کی قیادت کا تاج بھی بابر اعظم کے سر سج گیا، آئندہ سیزن کیلیے ذمہ داری سونپ دی گئی، اظہر علی کی ٹیسٹ کرکٹ میں کپتانی بھی سال بھر برقرار رہے گی۔

سری لنکا سے ہوم ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کلین سوئپ پر سرفراز احمد کو تینوں فارمیٹ کی قیادت سے ہٹاتے ہوئے  ٹیم سے بھی ڈراپ کردیا گیا تھا، بابر اعظم کو ٹی ٹوئنٹی کا کپتان بناکر آسٹریلیا روانہ کیا گیا،اظہر علی کو ٹیسٹ ٹیم کی کمان سونپی گئی، بعد ازاں پاکستان کا کوئی ون ڈے میچ ہی شیڈول نہ ہونے کے سبب سرفراز احمد کا جانشین مقرر کرنے کی ضرورت پیش نہیں آئی، سری لنکا سے کراچی میں واحد ایک روزہ میچ کیلیے بابر اعظم کو کپتان بنایا گیا لیکن لاک ڈاؤن کی وجہ سے ٹور ہی ختم کردیا گیا، اب انھیں آئندہ سیزن کیلیے قیادت سونپ دی گئی ہے، اظہر علی کی ٹیسٹ کرکٹ میں کپتانی بھی سال بھر برقرار رہے گی۔

چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق نے اس حوالے سے کہا کہ کپتانوں کا اعلان کرکے پالیسی واضح کی گئی،ہم آئندہ ورلڈکپ ذہن میں رکھ کر پلاننگ کررہے ہیں، بابر اعظم سمجھدار کپتان بن رہے ہیں، ان کی انفرادی کارکردگی میں بھی بہتری آئی ہے، وہ دباؤ برداشت کرسکتے ہیں، اس لیے مزید ذمہ داری سونپی ہے،اس حوالے سے مشاورت ضرور ہوئی تھی لیکن حتمی فیصلہ چیئرمین نے ہی کیا، ان کی منظوری کے بعد ہی باقاعدہ اعلان کیاگیا۔

چیف سلیکٹر و ہیڈ کوچ نے کہا کہ میں کپتانی کی مدت میں توسیع ملنے پر اظہر علی اور بابراعظم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، ایک اچھا فیصلہ ہے جس سے اسکواڈ میں ان کا کردار واضح ہوگا، دونوں کھلاڑیوں کو اپنی کارکردگی میں بہتری لانے کا موقع بھی ملے گا، مجھے یقین ہے کہ وہ اب مستقبل کی بہتر منصوبہ بندی کریں گے۔


اپنا تبصرہ لکھیں