کراچی:
ون ڈے کرکٹ میں سرفراز احمد کے تجربے سے فائدہ اٹھایا جائے گا، کپتان بابر اعظم نے وکٹ کیپر بیٹسمین کو مڈل آرڈر میں برقرار رکھنے کا عندیہ دے دیا۔پاکستان نے جنوبی افریقہ سے سیریز کے تیسرے ون ڈے کی پلیئنگ الیون میں سابق کپتان سرفراز احمد کو شامل کیا، دانش عزیز اور آصف علی کے ابتدائی2 میچز میں اچھا پرفارم نہ کرنے کی وجہ سے سرفراز کو بطور وکٹ کیپر میدان میں اتارا گیا۔
انھوں نے 15 ماہ بعد پہلا ون ڈے انٹرنیشنل کھیلا تاہم وہ کریز پر مختصر قیام کے دوران 13 رنز جوڑ پائے، البتہ وکٹ کیپنگ میں ان کی کارکردگی اچھی رہی اور تین اچھے کیچز لیے، وہ وکٹوں کے عقب سے مسلسل کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنے کے ساتھ مشورے بھی دیتے ہیں، ٹیم مینجمنٹ انھیں ایک روزہ الیون میں برقرار رکھنے کی خواہاں ہے۔
کپتان بابر اعظم نے اس حوالے سے کہاکہ میں یہ تسلیم کرتا ہوں کہ ہمارا مڈل آرڈر جدوجہد کررہا ہے لیکن یہ اتنا بھی بْرا نہیں جتنا لوگ سمجھتے ہیں، خلاکو پْر کرنے کیلیے ہمیں ایک خاص پلیئر کی ضرورت ہے، یہی وجہ ہے کہ ہم سرفراز احمد کو الیون میں لائے، ہم چاہتے تھے کہ بینچ پر دستیاب تجربے کو استعمال کریں،اسی لیے ہم نے سرفراز احمد کو میدان میں اتارا، وہ ہمارے ساتھ ہیں اور ہمیں ان کی صلاحیتوں پر اعتبار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ون ڈے کرکٹ میں ہم ان سے بطور وکٹ کیپر بیٹسمین جس قدر ممکن ہوسکا فائدہ اٹھائیں گے، ہمیں نمبر5 پر ایسے بیٹسمین کی ضرورت ہے جوگیم کو آگے لے جا سکے، ہمیں یقین ہے کہ سرفراز ایسا کرسکتے ہیں، مڈل آرڈر پہلے جدوجہد کررہا تھا مگر فیصلہ کن میچ میں ملنے والی شاندار کامیابی میں سب نے حصہ ڈالا۔
یاد رہے کہ بدھ کو کھیلے گئے تیسرے میچ میں فخرزمان نے 101 رنز بنائے، دوسرے ون ڈے میں انھوں نے 193 رنز بنائے تھے۔ اب پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ہفتے سے 4 ٹی 20 میچز کی سیریز کھیلی جائے گی۔