مائیکرو سافٹ نے 24 جون کو نئے آپریٹنگ سسٹم ونڈوز 11 کو متعارف کرایا تھا۔
اگر آپ کے کمپیوٹر یا ڈیسک ٹاپ پر ونڈوز 10 انسٹال ہے تو نئی ونڈوز 11 کو مفت ڈاؤن لوڈ کرسکیں گے۔
ونڈوز 11 سال کے آخر میں عام صارفین کے لیے دستیاب ہوگی اور مائیکرو سافٹ نے اعلان کیا ہے کہ اسے مفت اپ گریڈ کیا جاسکے گا، بس اس کے لیے سسٹم کی ضروریات پوری کرنا ہوں گی۔
اس نئے آپریٹنگ سسٹم کے لیے ونڈوز 10 کی بنیادی ضرورت کے مقابلے میں زیادہ کمپیوٹنگ پاور کی ضرورت ہوگی۔
سب سے اہم چیز ایک سیکیورٹی چپ ٹرسٹڈ موڈیول 2.0 کی موجودگی ضروری ہوگی جو لاگ ان انفارمیشن اسٹور کرنے کے لیے ڈیزائن کی گئی ہے۔
ہر کمپیوٹر میں یہ چپ موجود نہیں ہوتی اور آپ کی مشین میں موجود ہے تو بہتر ہے کہ اسے ٹرن آن کرلیں مگر اس کا طریقہ کار عام صارفین کے لیے آسان نہیں۔
آپ کا کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ ونڈوز 11 سسٹم پر پورا اترتا ہے یا نہیں اس جاننے کے لیے مائیکرو سافٹ کی پی سی ہیلتھ چیک ایپ کو ڈاؤن لوڈ بھی کرسکتے ہیں۔
اس ایپ سے معلوم کیا جاسکتا ہے کہ کمپیوٹر ونڈوز 11 کے لیے اہل ہے یا نہیں یا کس چیز کی کمی ہے جیسے ٹی پی ایم چپ کو ایکٹیویٹ کرنا ہے وغیرہ۔
کمپنی کی جانب سے وضاحت نہیں کی گئی کہ ٹی پی ایم کی ضرورت کیوں ہے تاہم بلاگ پوسٹ میں بتایا کہ چونکہ ونڈوز 10 کو 6 سال ہوچکے ہیں، تو کمپیوٹرز کی دنیا میں بہت کچھ بدل چکا ہے۔
کمپنی نے بتایا کہ ونڈوز میں آگے بڑحنے اور جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانے کے لیے بنیادی سسٹم ضروریات کو اپ ڈیٹ کیا ہے۔
ایک اور نمایاں تبدیلی ونڈوز 11 ہوم ایڈیشن کو انسٹال کرنے کے لیے انٹرنیٹ کنکٹویٹی کی ضرورت ہوگی اور پہلی بار استعمال کے لیے مائیکرو سافٹ اکاؤنٹ سے پراسیس مکمل ہوگا۔
ونڈوز 11 کے لیے کمپیوٹر میں ایک گیگاہرٹز یا اس سے زیادہ طاقت کے پراسیسر کی ضرورت ہے جبکہ کم از کم ڈوئل کور 64 bit چپ بھی درکار ہوگی۔
اس کے مقابلے میں ونڈوز 10 کے لیے 32 bit کو کافی سمجھا گیا تھا۔
ایک اور تبدیلی میموری کی ہے اور ونڈوز 11 کے لیے کم از کم 4 جی بی ریم اور 64 جی بی اسٹوریج کی ضرورت ہوگی جو کہ ونڈوز 10 میں ایک جی بی ریم اور 32 جی بی اسٹوریج کی ضرورت ہوتی ہے۔
گرافکس اور ڈسپلے کی ضروریات کو بھی بڑھایا گیا ہے اور ونڈوز 11 چلانے کے لیے پی سی میں ایک گرافکس کارڈ یا سی پی یو ڈائریکٹ ایکس 12 سے مطابقت رکھتا ہو۔
ڈیوائس میں کم از کم 720 پی ریزولوشن کی ضرورت ہوگی ونڈوز 10 میں ڈائریکٹ ایکس 9 اور 800 بائی 600 پکسل اسکرین کی ضرورت ہوتی ہے۔
جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ ونڈوز 11 عام صارفین کے لیے سال کے آخر میں کسی وقت دستیاب ہوگی اور فری اپ گریڈ کا عمل شروع ہونے کے لیے کئی ماہ باقی ہیں تو فی الحال کمپیوٹرم یں اس طرح کی اپ گریڈ کی ضرورت نہیں۔