وفاق صوبوں پر حملے کر رہا ہے: شاہد خاقان عباسی


کراچی: مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ وفاق صوبوں پر حملے کر رہا ہے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ کراچی میں غیر معمولی بارش ہوئی، اس طرح کی بارشوں میں دبئی، عمان اور جدہ ڈوب گئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ جب بارش زیادہ ہوتی ہے تو پانی اکھٹا ہو گا لیکن کراچی کے مسائل صرف ایک حکومت کے نہیں ہیں، وفاقی صوبائی اور بلدیاتی حکومت کو مل کر کام کرنا ہو گا

ان کا کہنا تھا کہ بارش کے دوران ڈیفنس کے علاقے بھی متاثر ہوئے، جب بجلی بند ہو گی تو موبائل فون سروس بھی متاثر ہو گی لیکن سیاست کے بجائے مسائل حل کرنے کی ضرورت ہے۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ وفاق صوبوں پر حملے کر رہا ہے اور صوبے جواب دے رہے ہیں، اب ان چیزوں کی گنجائش نہیں ہے،کوشش کرنی چاہیے کہ مسائل حل ہوں۔

مریم نواز سے متعلق پوچھے گئے سوال پر رہنما ن لیگ کا کہنا تھا کہ مریم نواز جب خاموش رہتی ہیں تو کہتے ہیں وہ خاموش ہو گئی، جب مریم کچھ بولتی ہے تو سب کہتے ہیں کہ وہ بول رہی ہے۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ مریم نواز پارٹی کی نائب صدر ہیں، وہ سیاست میں اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی۔


اپنا تبصرہ لکھیں