لاہور: وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ سجاد گل کی وفات نہ صرف پی آئی اے بلکہ ملک کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔
وزیر داخلہ اعجازشاہ طیارہ حادثے میں جاں بحق پائلٹ سجاد گل کے گھر گئے جہاں انہوں نے مرحوم کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت اورفاتحہ خوانی کی۔
اس موقع پر اعجاز شاہ نے کہا کہ پائلٹ سجاد گل کے جانے پر دلی رنج ہوا، اس حادثے میں ہم نے قیمتی جانوں کی صورت میں قومی اثاثے کھو دیے، سجاد گل کی وفات نہ صرف پی آئی اے بلکہ ملک کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔
اس موقع پر کیپٹن سجاد گل کے والد کا کہنا تھا کہ ایسے بیانات دینے سے اجتناب کریں جس سے مرحوم کے اہل خانہ کی دل آزاری ہو، ہمارے جذبات اور احساسات کا خیال کیا جائے۔
مرحوم کے والد نے اپیل کی کہ تحقیقات کے لے 90 دن مکمل ہونے دیے جائیں۔
وزیر داخلہ نے کیپٹن سجاد گل کے والد کو یقین دہانی کرائی کہ وزیر اعظم کی ہدایات کے مطابق تحقیقات شفاف ہوں گی۔